داد بیداد

​داد بیداد..​چترال سکاؤٹس..ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی

​سرکاری کام، سرکاری جگہ، سرکاری حکم، سرکاری وردی، سرکاری راشن جیسے الفاظ چترال کے پہاڑی علاقوں میں دیہاتیوں کی زبان پر عام بول چال میں بار بار آتے ہیں ان الفاظ میں سرکار سے مراد چترال سکاؤٹس ہوتی ہے اور چترال سکاؤٹس کی ہر چیز اور ہر ملکیت کو عزت کا درجہ دیا جاتا ہے قسم پیریڈ کے بعد 18 سال ملازمت کرنے کے بعد جس نے پنشن لے لی وہ پنشن کے 50 سال بعد بوڑھا ہو چکا ہے مگر وہ قسم پیریڈ کا اتنا لحاظ رکھتا ہے کہ دیہاتی مقدمات میں گواہی کے لئے بلایا جائے تو کانوں کو ہاتھ لگا کر توبہ کر کے بولتا ہے کہ میں نے قسم پیریڈ میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر وعدہ کیا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا میں گواہی نہیں دے سکتا مٹھی بھر آٹا، چٹکی بھر نمک، چوتھائی گرام گھی یا ایسی کوئی اور چیز ضائع ہو جائے تو کانوں کو ہاتھ لگا کر توبہ کرتا ہے کہ سرکاری جگہ میں اس کا حساب ہوتا ہے، 1903ء میں جو لوگ چترال سکاؤٹس میں بھرتی ہوئے تھے ان میں سے کوئی زندہ نہیں رہا البتہ 1942ء میں جو لوگ اس فورس میں بھرتی ہوئے ان میں سے خال خال کوئی بقید حیات ہے، زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ آئے مگر سرکار سے ان کی محبت اور عقیدت کم نہیں ہوئی۔
​گو میں رہا رہینِ ستم ہائے روزگار
لیکن ترے خیال سے غافل نہیں رہا
1903ء میں جب وائسرائے ہند لارڈ کرزن کی منظوری سے برطانوی ہند کی فوج نے چترال سکاؤٹس کی بنیاد رکھی بارہ سو (1200) نفری کی اس یونٹ میں نوکری پنشن ایبل نہیں تھی مقامی زبان میں اس کو “کچہ اسکوٹ” کہا جاتا ہے اپریل 1942ء میں اس کو چترال اسٹیٹ سکاؤٹس کا نام دیکر مستقل کر دیا گیا چترال سیکٹر سے سکھ اور گورکھا رجمنٹ کی تمام کمپنیوں کو واپس بلا کر اس کی کمان اور رینک کے عہدے مقامی لوگوں کے لئے مختص کئے گئے۔ 1956ء میں جب سول ایڈمنسٹریشن کی تنظیم نو مکمل ہوئی تو اس کے نام سے اسٹیٹ کا لفظ نکال کر پھر چترال سکاؤٹس کا نام دیا گیا۔ اب یہ فورس فرنٹیئر کور نارتھ کا ایک یونٹ ہے اور اس کی طاقت 1903ء والے 1200 کے مقابلے میں چار گنا زیادہ ہو چکی ہے ۔ 1948ء کے جہاد کشمیر، 1965ء کی پاک بھارت جنگ، 1999ء کے معرکہ کارگل میں اس یونٹ نے نمایاں کارکردگی دکھائی 2001ء سے اب تک دہشت گردی کے خلاف اپریشن راہ حق اور اپریشن راہ راست سمیت تمام محاذوں پر ​اس یونٹ نے ہراول دستے کا کام کیا 2007ء میں دیر بالا کے اندر میدان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑا معرکہ 10 گھنٹوں کے اندر سر کیا گیا تو چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے میسج دیکھ کر اس پر باور نہیں کیا اُنہوں نے پوچھا کس یونٹ کو یہاں بھیجا گیا ہے؟ بتایا گیا کہ چترال سکاؤٹس تو جنرل کیانی نے فوراً کہا باور آ گیا میری طرف سے شاباش دو، رینک اینڈ فائل میں چترال سکاؤٹس کو ڈسپلن، صداقت، شجاعت اور امانت داری کی وجہ سے بہت عزت دی جاتی ہے کرنل محمد خان نے بجنگ آمد میں لکھا ہے کہ مجھے سگنل کے نظام کو دیکھنے کے لئے فرنٹیئر کور کے یونٹوں کا دورہ کرنے پر مامور کیا گیا جب میں چترال سکاؤٹس کے ہیڈ کوارٹر دروش پہنچا تو اس یونٹ کے نظم و ضبط کو دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی یہ 1946ء کا واقعہ تھا 80 سال بعد آج بھی اس کا ڈسپلن باعث تقلید ہے۔ 123 سال پہلے 1903ء میں جب چترال سکاؤٹس کے لئے بھرتی کا عمل شروع ہوا تو چترال میں مفلوک الحال غربت تھی سال کے سات مہینے قحط کے عالم میں گذرتے تھے، اونی کپڑوں کے سوا کوئی
​ ​کپڑا نہیں ہوتا ہے، لالٹین، کوٹ واسکٹ، بوٹ پتلون رضائی، تکیہ، دری اور توشک کسی نے نہیں دیکھا تھا سڑک، سکول، ہسپتال کا نام کسی نے نہیں سنا تھا نقد آمدنی روپیہ، دو روپیہ گھر لے آنا کسی کے خواب و خیال میں نہیں تھا 1880ء میں جو کتابیں شائع ہوئیں ان میں چترالیوں کے لباس، رہن سہن اور معاشرتی زندگی کے متعلق بلیک اینڈ وائٹ تصویریں شائع ہوئی ہیں ان تصویروں کو دیکھ کر غربت اور مفلوک الحالی کا اندازہ ہوتا ہے، چترال سکاؤٹس نے پہلی بار نقد آمدنی تین ذرائع سے تقسیم کی ایک ذریعہ بھرتی ہونے والوں کو ملنے والی ماہانہ تنخواہ تھا، دوسرا ذریعہ سول سپلائز کے بڑے بڑے کنٹریکٹ تھے، تیسرا ذریعہ افسروں کے گشت اور علاقائی دورے تھے اس سے پہلے مہتر چترال یا ان کے رشتہ دار یا عہدیدار اور درباری علاقے کے دوروں پر جاتے تو مہتر کے اہل کار گھر گھر جا کر جبری طریقے سے کھانے پینے اور رہنے کا بندوبست کرتے تھے ڈنڈے کے زور پر مہمان نوازی کروائی جاتی تھی چترال سکاؤٹس کے افسیروں نے یہ سلسلہ ختم کر کے ہر خدمت کا معاوضہ نقد ادا کرنا شروع کیا ​یہ دیکھ کر لوگوں کو خوشگوار حیرت ہوئی کہ چترال سکاؤٹس کے جو افسر آتے ہیں وہ جلانے کی لکڑی کے بھی پیسے دیتے ہیں، دودھ، گوشت، آٹا جو بھی ضرورت کی چیز لیتے ہیں اُس کی قیمت ادا کرتے ہیں۔ یہ سماجی شعور اور معاشرتی ترقی کے خوشگوار اثرات تھے، رفتہ رفتہ اس میں اضافہ ہوتا رہا، 1942ء میں مہتر چترال ناصر الملک کو اس یونٹ کا کمانڈنٹ مقرر کیا گیا انہوں نے حکم دیا کہ میری اپنی برادری کے سوا کسی اور چترالی کو حوالدار سے آگے ترقی نہ دی جائے وردی اور مفتی لباس میں صرف میری برادری کے لوگوں کو کالر والی قمیص پہننے کی اجازت ہوگی رفتہ رفتہ یہ دو امتیازی احکامات منسوخ ہوئے چترال سکاؤٹس کے پنشن یافتہ سپاہیوں اور سرداروں نے گاؤں گاؤں خوبصورت مکانات تعمیر کر کے رہائشی سہولتوں میں خوشگوار اضافہ کیا آج بھی چترال کی سماجی زندگی میں جو متمول، ترقی یافتہ اور نمایاں لوگ ملتے ہیں ان کا شجرہ نسب چترال سکاؤٹس کے کسی پنشنر سے جا ملتا ہے نیز قدرتی حادثات کی صورت میں بھی ہر دور میں چترال سکاؤٹس نے عوام کی خدمت کی ہےآج بھی چترال سکاؤٹس سب سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے والا ادارہ ہے،آج بھی عوام مشکل حالات میں مدد کے لیے چترال سکاؤٹس پر اعتماد کرتے ہیں

زر الذهاب إلى الأعلى