
ضلع لوئرچترال میں 50 نئے کھیل کے میدانوں کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ۔
چترال (چترال ایکسپریس) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت ضلع بھر میں 50 نئے کھیل کے میدانوں کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں
ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد لوئر چترال کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ اس اقدام سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ نئے کھیل کے میدان مقامی سطح پر موجود پوشیدہ ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے نکھارنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو اس منصوبے پر کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ تاکہ یہ سہولیات نوجوانوں کو جلد از جلد دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کی تعمیر سے نوجوان ایک صحت مند طرز زندگی اپنا سکیں گے اور معاشرے کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔
