وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف آنے والا فیصلہ کرپشن کے مگر مچھوں کو گھیرنے کی قومی تحریک کا آغاز ہوگاسینیٹر سراج الحق کا لاہور میں قومی انتخابات کنونشن سے خطاب 

لاہور(چترال ایکسپریس)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف آنے والا فیصلہ کرپشن کے مگر مچھوں کو گھیرنے کی قومی تحریک کا آغاز ہوگا ۔ کرپٹ اور بد دیانت ٹولہ غلاف کعبہ میں بھی جا چھپے تو نکال کر لوٹی دولت کی ایک ایک پائی وصول کریں گے ۔ کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے اور اب انہیں عوامی غیظ و غضب اور قانون کے شکنجے سے ان کی سرپرست عالمی اسٹیبلشمنٹ بھی نہیں بچا سکے گی ۔ حکمران بغیر ڈکارلیے سب کچھ ہڑپ کرنے کے بعد بھی رو رہے ہیں ۔ حکمران دھاندلی اور کرپشن میں سپیشلسٹ ہیں مگر آئندہ انتخابات میں عوام ان کی ایک نہیں چلنے دیں گے ۔ جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والے ا ب کیوں رو رہے ہیں ۔ حکومت کا کام رونا دھونا نہیں ، عمل کرناہوتاہے ۔ عوام ڈاکٹر عافیہ صدیقی ، یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے والے ریمنڈ ڈیوس کے بھائیوں کے لیے الیکشن کو یوم حساب بنادیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں جماعت اسلامی پنجاب کے قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، زبیر گوندل ، احمد بلال صوفی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر اور نگران شعبہ انتخابات جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ کنونش میں پنجاب بھر سے جماعت اسلامی کے نامزد قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران اور جے آئی یوتھ کے منتخب سینکڑوں عہدیداروں نے شرکت کی ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام اب کرپشن اور کرپٹ ٹولے سے نجات اور ملک میں دیانتدار قیادت چاہتے ہیں ۔ موجودہ اور سابقہ حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہیں جو پارٹیاں اور جھنڈے بد ل بدل کر اقتدار میں آتے اور قومی دولت لوٹتے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں امن کا قیام اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے ۔ ہم ڈنڈے اور بندوق کے زور پر نہیں ، عوام کی تائید سے انقلاب لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف سب سے پہلے جماعت اسلامی نے تحریک چلائی اور اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران تو کرپشن کے خلاف قانون سازی پر بھی آمادہ نہ تھے اس لیے ہمیں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا ۔ ہماری جدوجہد کا اصل ہدف ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے اور اب قوم کی سمجھ میںیہ بات آرہی ہے کہ مسائل کی دلدل سے نکلنے کے لیے نفاذ شریعت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ دونوں نے بہاولپور کا دورہ کیا مگر اتنی بڑی قیامت گزر جانے اور دو سو پاکستانیوں کے زندہ جل جانے کے باوجود بہاولپور میں ایک برن سینٹر کے قیام کا اعلان تک نہیں کیا ۔ لوہے کا کاروبار کرتے کرتے حکمرانوں کے دل بھی لوہے کی طرح سخت ہوگئے ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے امریکہ کی طرف سے سید صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ تو سید علی گیلانی ، شبیر شاہ ، یاسین ملک ، آسیہ اندرابی سمیت آزادی کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھی دہشتگرد سمجھتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور کشمیر کاز سے غداری کرنے والا پاکستان کا غدار ہے ۔ حکمران ساتھ دیں نہ دیں ،پاکستان کے بیس کروڑ عوام زندگی کے آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور سید صلاح الدین کو اپنا ہیرو قرار دیتے ہیں۔
قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب مچھلیاں نہیں مگر مچھ پکڑے جارہے ہیں اور کوئی لٹیرا احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آئینی و جمہوری اور پارلیمانی جدوجہد پر یقین رکھنے والی واحد جماعت ہے جو سول و ملٹری تعلقات کی مضبوطی کے خواب کو شرمندہ تعبیر اور تمام مسالک کی قیادت کو اکٹھا کر سکتی ہے ۔جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی پلیٹ فارم نہیں جو سب کو ساتھ لے کر چل سکے ۔ ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے ہمارے راستہ کی دیوار بنے ہوئے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ ان کا کوئی ہاتھ روکنے والا نہ ہو اور وہ اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قومی سطح سے یونین کونسل تک ایک منظم و موثر تنظیم رکھتی ہے اور عوام کی خدمت ہمارا طرہ امتیاز ہے ۔ ظلم و جبر کوئی فرد کرے یا ریاست ، ہم نے ہمیشہ اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ ہر انتخاب سے قبل ریاستی ادارے اور نادیدہ قوتیں جو الیکشن چرانے کے حربے استعمال کرتی ہیں ، ہم سے پوشیدہ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی استعمار اپنے آلہ کاروں کو مسلط رکھنا چاہتاہے ۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بننے والی پالیسیوں نے تمام اداروں کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں صرف جماعت اسلامی ملک کو استحکام کی راہ پر ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات کی بروقت تیاری اور ہر سطح کی قیادت کو انتخابی میدان میں اتارنے کے لیے یہ کنونشن انتہائی اہمیت کا حال ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والے انتخابات میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرسکیں اور خیبر پختونخوا کی طرح قومی اور صوبائی اسمبلی میں پنجاب سے منتخب ہونے والے ممبران کی ایک موثر تعداد موجود ہو ۔انہوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ کے حالیہ انتخاب اور 20 اگست کو ہونے والے انتخابات کے لیے نوجوانوں میں پائے جانے والے جذبہ کو دیکھتے ہوئے میں امیر جماعت کو یقین دلاتاہوں کہ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی پنجاب سے بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئے گی ۔ جماعت اسلامی نے گراس لیول سے اٹھا کر لوگوں کو قیادت کے منصب تک پہنچایا ہے۔ جماعت اسلامی کے تربیتی نظام کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے ۔ مختلف ادوار میں جماعت اسلامی کے سینکڑوں نمائندے قومی وصوبائی اسمبلیوں ، سینیٹ اور مقامی حکومتوں میں پہنچے مگر کسی کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے عوام کو بے داغ قیادت دے سکتی ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔