تازہ ترین

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر انتظام چترال میں انڈر 21گیمز کی اختتامی تقریب

چترال (محکم الدین) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر انتظام انڈر 21گیمز گورنمنٹ سنٹنیل ماڈل ہائی سکول چترال کے سٹیڈیم میں منعقد ہوئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل محمد علی ظفر اور صدر محفل ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد تھے۔ڈی پی او چترال وسیم ریاض، اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چترال عبدالرحمت بھی موجود تھے۔ یہ مقابلے انٹر تحصیل سطح پر منعقد ہوئے۔ جس میں فٹبال، والی بال، بیڈ منٹن اتھلیٹکس، رسہ کشی، کبڈی شامل تھے اپر چترال کے تحصیل تورکہو موڑکہو کا مقابلہ مستوج کے ساتھ ہوا۔ جس میں فٹبال اور دوڑ میں تورکہو موڑکہو نے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ والی بال، بیڈ منٹن، رسہ کشی اور کبڈی مقابلے میں کامیابی مستوج کے حصے میں آئے۔ اسی طرح لوئر چترال میں تحصیل چترال کا مقابلہ تحصیل دروش سے ہوا۔ جس میں دروش کو صرف کبڈی میں کامیابی ملی۔ جبکہ فٹبال، والی بال، بیڈ منٹن، رسہ کشی اور دوڑ کے مقابلے تحصیل چترال نے جیت لئے۔ کبڈی کو چترال میں بطور گیم پہلی مرتبہ متعارف کیا گیا۔ کامیاب ٹیموں کو بیس بیس ہزار اور رنر اپ ٹیموں کو دس دس ہزار روپے انعام دیے گئے۔ اسی طرح کھلاڑیوں کو یومیہ ٹی اے کے طور ایک ایک ہزار روپے دیے گئے۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل محمد علی ظفر،ڈپٹی کمشنر چترال اور ڈی پی او چترال نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ چترال کے جوانوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ان کو صرف مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انٹر تحصیل کھیلوں کے انعقاد سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مزید مواقع ملیں گے۔ اور با صلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔ مستقبل میں یہاں کے کھلاڑی چترال اور ملک کا نام روشن کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ صحت مند تفریح اچھے کھلاڑی اور اچھے شہری بننے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ٹیموں کو مبارکباد دی اور رنر اپ ٹیموں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ قبل ازین جمعرات کے دن اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان نے فیتہ کاٹ کر انڈر 21 انٹر تحصیل کھیلوں کا افتتاح کیا۔ جس کے بعد مختلف تحصیلوں کے کھلاڑیوں نے وردی میں مارچ پاسٹ کیا۔ اور قومی ترانہ پیش کیا۔ کھیل کے دوران شہنائی اور ڈھول کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جس سے کھیل کی رنگینیوں میں اضافہ ہوا۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عبدالرحمت نے میڈیا کو بتایا۔ کہ کھیل میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں میں کٹ تقسیم کئے گئے ہیں۔ جن میں جوگرز، جراب اور شرٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ کھلاڑیوں کو سہولت دینے کی ہر ممکن کو شش کی گئی ہے۔ تاہم اپر چترال میں شدید سردی اور بعض مقامات پر برفباری کے سبب کھیلوں کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔ اس لئے اُن کو بھی لوئر چترال بلایا گیا۔ جہاں انہوں نے آج مقابلوں میں حصہ لیا۔

Advertisements

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى