تازہ ترین

حکومت اپنے وعدے کے عین مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اُٹھارہی ہے۔وزیر اعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنے وعدے کے عین مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس حوالے سے نتیجہ خیز اقدامات بھی اُٹھارہی ہے۔ ضم شدہ اضلاع کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے اور وہاں کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ایک مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔

Advertisements

ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے انتخابات کے ایک سال پورے ہونے کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع کو مکمل طور پر قومی دھارے میں شامل کرنا، وہاں کے عوام کو اُن کے تمام حقوق دینا اور اُنہیں زندگی کی تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کرنا موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جارہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب قبائلی عوام کے عشروں پر محیط محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گااور یہ علاقے ترقی کے میدان میں صوبے اور ملک کے دیگر ترقی یافتہ حصوں کے برابر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایک سال کے انتہائی قلیل عرصے میں ضم شدہ اضلاع کی صوبے کے ساتھ انضما م کا پیچیدہ مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے جو صرف اور صرف موجودہ حکومت اور پارٹی کی قیاد ت کی مخلصانہ کوششوں اور مصمم ارادے کی بدولت ممکن ہو اہے۔ محمود خان کا کہنا تھاکہ ضم شدہ اضلاع کی آئینی، قانونی، انتظامی اور عدالتی انضمام کے بعد اب وہاں پر تیزرفتار ترقی کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔
قبائلی اضلاع میں پہلی دفعہ صوبائی اسمبلی کے لئے انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد کو پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت اور قبائلی عوام کیلئے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب صوبائی اسمبلی میں قبائلی اضلاع کے عوام کو بھر پور نمائندگی حاصل ہے جو اُن کی آواز کو بھر پور انداز میں اُٹھانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ موجودہ حکومت اس مقصد کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ اُنہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت قبائلی اضلاع کے عوام کو بہت جلد انضمام کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى