
شیشی کوہ ٹینگل کے قتل کیس میں چترال پولیس کی کامیابی پر مقتول کے بھائیوں اور دیگر رشتے داروں کاپولیس کے جملہ آفیسران کا شکریہ
چترال (محکم الدین) شیشی کوہ ٹینگل کے معروف قتل کیس میں چترال پولیس کی تفتیشی ٹیم کی کامیابی اور اندھے قتل کے سراغ لگا کر قاتل کو عدالت کے کٹہرے میں لانے پر
مقتول کے بھائی ممتاز علی شاہ، امجد علی شاہ اور دیگر رشتے دار جمیل احمد اور عمر فاروق نے چترال پولیس کے جملہ آفیسران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چترال پریس کلب میں پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 28مئی 2020 کو ان کے بھائی شوکت علی شاہ لاپتہ ہو گئے۔
جبکہ اگلے دن اس کی لاش ملی جس پر تفتیشی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے کیس میں 80فیصد کامیابی کی نوید سنائی۔ لیکن اچانک پھر یہ کامیابی ناکامی میں بدل گئی جس پر ہمیں بہت مایوسی ہوئی اور ہم نے ڈی پی او چترال سے جی آئی ٹی کا مطالبہ کیا۔ جو کہ مان لیا گیا اور ایس ڈی پی او چترال ظفر خان کی سربراہی میں پھر سے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ جس میں ٹیم کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں قتل کا سراغ مل گیا۔ اور قتل کے ملزمان اکبر حسین و محمد یوسف پسران لال زمان ساکن شیشی کوہ کو گرفتار کیا گیا۔ جس کیلئے ہم ا پنی طرف سے اپنی والدہ اور بیوہ و بچوں کی طرف سے پولیس کی اعلی کارکردگی پر ڈی پی او چترال عبدالحئی، ایس پی انوسٹیگیشن محمد خالد، ایس ڈی پی او چترال ظفرخان،انسپکٹر شاہ نادر، سب انسپکٹر غفار شاہ سمیت جملہ تفتیشی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اندھے قتل کے معمے کا حل یقینی طور پر پولیس کیلئے کامیابی اور ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پولیس اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں آگے بھی بھر پور کردار ادا کرے گا۔
