گرم چشمہ میں نوتعمیرہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب،سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سہولیات کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، محمد کرم

گرم چشمہ (نمائندہ ایکسپریس) حکومت وقت سیاحت کو فروغ دے کر ملک میں معاشی حالت پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے یہ ایک مثبت قدم ہے ہم سب کو مل کر اس اچھے کام میں حکومت وقت کا ساتھ دینا چاہئے۔ یہ کہنا تھا پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہزادہ امان الرحمن کا۔ جو کہ گرم چشمہ ریور ان کے نام سے نئے تعمیر شدہ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہوٹل گرم چشمہ میں سیاحت کو فروغ دینے میں بہترین کردار ادا کرے گا۔ یہاں پرسیاحوں کو رہائش کے لئے بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہزادہ امان الرحمن خود بھی ایک عرصے سے ہوٹل بزنس کے ساتھ منسلک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے تعمیری کاموں میں وہ علاقے کے لوگوں کی مدد کرکے خوشی محسوس کرتے ہیں اور نئے بنائے جانے والے ہوٹل کی کامیابی کے لئے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ہوٹل کے مالک محمد کرم کا کہنا تھا کہ بمبوریت کے بعد گرم چشمہ واحد علاقہ ہے جہاں ہم سیاحت سے وابستہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر سیاحوں کو متوجہ کرسکتے ہیں۔ یہاں پر موجود قدرتی گرم چشمے اور دوسرے تاریخی مقامات سیاحوں کے لئے بہت زیادہ توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں مگر اب تک سہولیات کی عدم فراہمی اس علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے شہزادہ امان الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں مگر جب تک ہم ان کا ساتھ نہیں دیں گے ہم سیاحت کو فروغ دینے میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے۔ یہ ہوٹل میری طرف سے علاقے میں غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کے لئے ایک ادنی سی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لئے گرم چشمہ وادی قدرتی نظاروں، تاریخی مقامات اور بہترین نظاروں سے مالا مال ہے مگر ہم اب تک اس علاقے کو پروموٹ کرنے میں اس لئے ناکام رہے ہیں کہ سیاحوں کے آنے کے بعد ان کو سہولیات کی فراہمی میں مسائل کا سامنا تھا۔ شہزادہ امان الرحمن کے ہوٹل کے بعد گرم چشمہ ریور ان سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے میں بہترین کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے آخر میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔