تازہ ترین

ترقیاتی فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے عملی اقدامات کا سلسلہ شروع کریں.وزیراعلی محمودخان کی محکموں کو ہدایت

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئے مالی سال کے پہلے ہی دن تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈز کے اجراءکو صوبائی حکومت کا ایک تاریخ ساز اور انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ مالی سال کے شروع ہی میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔ صوبائی حکومت کے اس اقدام سے عوام کے فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے گااور ان کے ثمرات بلا تاخیر عوام تک پہنچ سکیں گے ۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت اور مالی سال کے آخر تک جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے عملی اقدامات کا سلسلہ شروع کریں۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں اُنہیں ایک ایک کرکے پورا کیا جارہا ہے اور اُن اقدامات کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے جن کا براہ راست تعلق عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے سے ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کیلئے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس کو عوامی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے ، نئے مالی سال کے بجٹ پر عمل درآمد سے یہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، جسے نئے مالی سال کے بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اگلے دو سالوں میں متعدد میگا منصوبوں کے علاوہ عوامی فلاح و بہبود کے سینکڑوں دیگر منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی یکساں اور پائیدار بنیادوں پر ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے 61 ارب روپے مالیت کا ضلعی ترقیاتی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس سے ترقی یافتہ اور پسماندہ اضلاع میں ترقی کی تفریق کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت دیگر سماجی شعبوں میں عوامی خدمات اور سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور انہیں عوامی توقعات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے نئے بجٹ میں ان شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ان کے ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔