
چترال کی معروف سماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی کا بونیر کے متاثرین کے ساتھ تعاون۔
چترال (چترال ایکسپریس ) چترال کی مشہور سماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی نے بونیر کے حالیہ متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امدادی سامان روانہ کر دیا۔ امداد میں پہنے کے کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں، جبکہ متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے نقد
تعاون بھی فراہم کیا جائے گا۔
قاری فیض اللہ چترالی نے اس موقع پر کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنا ہم سب کی اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے۔
قاری فیض اللہ چترالی اس سے قبل بھی مختلف قدرتی آفات اور معاشرتی مسائل کے مواقع پر رفاہی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ چترال میں زلزلہ اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد، یتیم اور مستحق بچوں کی کفالت، تعلیم کے فروغ کے لیے تعاون، اور مستحقین میں راشن و دیگر اشیاء کی فراہمی ان کے نمایاں کارناموں میں شامل ہیں۔ ان کی خدمات کو عوامی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ متاثرین کی دلجوئی اور اشک شوئی کے لیے قاری صاحب بنفس نفیس متاثرین کے پاس جائیں گے ان کا یہ دورہ اگلے جمعے تک طے ہے چترال کی مشہور سماجی و مذہبی شخصیت مولانا خلیق الزمان کاکاخیل صاحب بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔
دریں اثنا ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے شاہی خطیب مولانا خلیق الزمان نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ ان کے دکھوں میں کمی لائی جا سکے۔
