
انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے: ڈپٹی کمشنر لوئر چترال
چترال (چترال ایکسپریس)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو مل کر ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ
انسدادِ پولیو مہم (NID) کی تیاریوں کے جائزے کے لیے بلائے گئے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو پولیو مہم کے حوالے سے انتظامی، سکیورٹی اور عملی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ انسدادِ پولیو مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ مہم کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔


