
وادی کیلاش میں پلاسٹک بیگز پر پابندی نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
چترال(چترال ایکسپریس)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے وادی کیلاش میں پلاسٹک بیگز کے استعمال، خرید و فروخت اور ترسیل پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور سیاحتی مقامات کے تحفظ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق
پلاسٹک بیگز چونکہ ناقابلِ تحلیل ہوتے ہیں، اس لیے یہ ماحول میں دیرپا آلودگی، ندی نالوں کی بندش اور قدرتی نظام کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔ مزید برآں ان کی غیر مناسب تلفی سے سیاحتی مقامات آلودہ ہوتے ہیں، پانی کے ذخائر متاثر ہوتے ہیں اور انسانی صحت و جنگلی حیات کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وادی کیلاش ماحولیاتی لحاظ سے نہایت حساس اور ثقافتی اعتبار سے اہم علاقہ ہے، جہاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔ خاص طور پر مئی 2026 میں منعقد ہونے والے مشہور چلم جوشٹ فیسٹیول کے دوران سیاحوں کی آمد میں اضافے کے باعث پلاسٹک آلودگی کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت نافذ کی گئی ہے، جس کا اطلاق وادی کیلاش کی حدود میں پلاسٹک بیگز کے استعمال، فروخت، تقسیم اور رکھنے پر ہوگا۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 60 دن تک مؤثر رہے گا، تاہم ضرورت پڑنے پر اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی حکام نے عوام، دکانداروں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول دوست متبادل اشیاء کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ وادی کیلاش کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔


