
قومی فٹبال ٹیم کی قیادت چترال سے تعلق رکھنے والے عالمگیر غازی کے سپرد
پشاور (چترال ایکسپریس)پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کی قیادت اب اپر چترال سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑی عالمگیر خان غازی کو سونپ دی گئی ہے، جو آج میانمار کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پیر کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں کپتان عالمگیر غازی نے
ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی پرعزم ہیں اور بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا ٹیم کے لیے ایک سنہری موقع ہے اور وہ شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
عالمگیر غازی کا تعلق اپر چترال کے علاقے چرون سے ہے، اور وہ اپنے علاقے سے پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان کی کپتانی نہ صرف چترال بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔
شائقینِ فٹبال کو اس میچ سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرے گی۔


