تازہ ترین

بونی میں الخدمت فاؤنڈیشن سکول کا شاندار افتتاح، معیاری و سستی تعلیم کی فراہمی کا عزم

اپر چترال(ذاکرمحمدزخمی): الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن سکول (کیمپس بونی) کی باقاعدہ افتتاحی تقریب انتہائی شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات، تعلیمی ماہرین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حمید اللہ خان، امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اپر چترال عبدالرفیع، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جاوید حسین، پریذیڈنٹ اسماعیلیہ لوکل کونسل یوسف حیات اور تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم شامل تھے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے نعت، ملی نغمے، تقاریر اور خاکے پیش کیے۔ طلبہ نے اپنی تقاریر میں موسمیاتی تبدیلی، خواتین کی تعلیم اور رضاکارانہ خدمات کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ خاکوں کے ذریعے تعلیم کی اہمیت اور وسائل کی کمی کے باوجود آگے بڑھنے کا پیغام دیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی اسد الرحمن، صدر الخدمت اپر چترال عبدالرفیع اور سکول کے پرنسپل نذیر خان نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کے قیام کے مقاصد اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے عزم کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہا کہ الخدمت سکول علاقے کے دیگر تعلیمی اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق طلبہ کی تربیت کرے گا۔

دیگر مقررین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران ادارے کے رضاکاروں کی خدمات قابلِ تقلید ہیں، اور عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون کریں۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان یوسفزئی نے تقریب کو کامیاب قرار دیتے ہوئے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے سکول کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور رضاکارانہ طور پر تدریسی خدمات پیش کرنے کی بھی پیشکش کی۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی کے شمالی فضل محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک و بیرونِ ملک مختلف شعبوں میں انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم کی فراہمی بلکہ ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت پر بھی توجہ دے رہا ہے تاکہ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی اپر چترال میں الخدمت ڈائگناسٹک سنٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں بنو قابل پروگرام، کمپیوٹر لیب اور ہسپتال کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر مولانا حمید الرحمن نے اجتماعی دعا کرائی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock