
سہروردی خان یفتالی کی وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے اہم ملاقات، عوامی مسایل اور جشنِ شندور کے انتظامات پر گفتگو
گلگت (چترال ایکسپریس) پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے سینئر نائب صدر سہروردی خان یفتالی نے گلگت میں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات سید جلال علی شاہ اور وزیر برائے جنگلات و کان کنی راجہ ناصر بھی موجود
تھے۔
ملاقات کے دوران چترال اور گلگت بلتستان کے باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص چترال کے عوام کو درپیش سفری و ٹرانسپورٹ کے مسائل اور تاریخی جشنِ شندور کے انتظامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سہروردی خان یفتالی نے نیٹکو (NATCO) بس سروس کو مستوج اور بونی تک توسیع دینے، کرایوں میں مناسب کمی کرنے اور چترال سے آنے والے مسافروں و مال بردار گاڑیوں کو چیک پوسٹوں پر غیر ضروری تلاشی کے نام پر درپیش مشکلات کا معاملہ وزیرِ اعلیٰ کے سامنے اٹھایا۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چیک پوسٹوں پر مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو بلاوجہ تنگ کرنے کے معاملے پر متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے بونی تک نیٹکو سروس کی توسیع اور کرایوں میں کمی کے مطالبات پر بھی مثبت پیش رفت کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں سالانہ جشنِ شندور کو شایانِ شان طریقے سے منعقد کرنے، پولو کھلاڑیوں اور ملک و قوم سے آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر سہروردی خان یفتالی نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی اور حکومت سازی میں امجد حسین کی سیاسی جدوجہد اور قیادت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
وزیرِ اعلیٰ امجد حسین نے سہروردی خان یفتالی اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے گلگت اور چترال کے عوام کے مابین تاریخی و ثقافتی رشتوں، باہمی احترام اور محبت کی فضا کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
