
تیسرا دو روزہ چترال ایکسپو کامیابی سے اختتام پذیر، اسٹال ہولڈرز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم
چترال (چترال ایکسپریس) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CCCI) کے اشتراک سے منعقدہ تیسرا دو روزہ ’’چترال ایکسپو 2026‘‘ اتوار کی شام ایک مقامی ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے ریجنل پروگرام مینیجر طارق احمد تھے، جنہوں نے نمائش میں شریک
اسٹال ہولڈرز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ڈی اے پی کے ڈائریکٹر جنرل نعمان بشیر، ایس آر ایس پی کے ریجنل پروگرام مینیجر طارق احمد، چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر فواد اعظم اور اپر چترال سے تعلق رکھنے والی ویمن بزنس رہنما فضیلہ اعظم نے چترال ایکسپو کو کامیاب اور مقامی کاروبار کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
مقررین نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشوں سے چترال کی تجارتی و کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، مقامی مصنوعات کو متعارف کرانے اور کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات کی تشہیر کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چترال ایکسپو مقامی معیشت کے استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس سے قبل منعقدہ بزنس کانفرنس میں مختلف سرکاری محکموں اور ترقیاتی و مالیاتی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کانفرنس میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP)، سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ (SIDB)، بینک آف خیبر اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے اپنے اداروں کی جانب سے چترال کی مجموعی ترقی اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے جاری سرگرمیوں اور کردار پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدور محمد وزیر خان اور حاجی محبوب اعظم سمیت دیگر کاروباری شخصیات اور نمائش میں شریک افراد بھی موجود تھے۔
