
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان کا وادی لٹکوہ اور پولیس پوسٹ پرابیگ کا دورہ، کھلی کچہری کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان نے وادی لٹکوہ اور پولیس پوسٹ پرابیگ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی عمائدین و عوام کے ساتھ کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور پولیس پوسٹ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
کھلی کچہری میں
ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ اقبال الدین، ایس ایچ او تھانہ لٹکوہ سب انسپکٹر امتیاز احمد، علاقائی معززین اور دیگر پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او محمد خالد خان نے عوام کے درپیش مسائل اور شکایات تفصیلی طور پر سنے۔ انہوں نے پولیس سے متعلق مسائل کے موقع پر حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، جبکہ دیگر سرکاری محکموں سے متعلقہ مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کے جلد تدارک کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر معاشرتی برائیوں بالخصوص منشیات کے خاتمے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز مؤثر کارروائیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈی پی او لوئر چترال نے واضح کیا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔
بعد ازاں، ڈی پی او محمد خالد خان نے پولیس پوسٹ پرابیگ کا دورہ کیا
جہاں انہوں نے تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات، انتظامی امور نیز جوانوں کو میسر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ دور افتادہ اور حساس علاقوں میں پولیس کی فعال موجودگی امن و امان کے قیام کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہ کر اپنے فرائض پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں تاکہ علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدباب ممکن ہو سکے۔
