
قانونی دستاویزات کے باوجود بے دخلی کا خدشہ: اہل براول کا حکمرانوں سے ناانصافی کے خلاف نوٹس کا مطالبہ
چترال (چترال ایکسپریس) دیر بالا کے علاقے براول سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد نے حکومت پاکستان، چیف جسٹس، آرمی چیف اور گورنر خیبر پختونخوا سے مبینہ ناانصافی کے خلاف فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
متاثرین (جن میں لائق بی بی، افغان بی بی، نور الدین، رحمت الدین، رحیم داد اور امن گل بی بی شامل ہیں) نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وہ پشت ہا پشت سے پاکستانی شہری ہیں اور ان کے والد کا شناختی کارڈ 1970 سے بنا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ہمارا پورا خاندان پاکستانی ہے، ہماری جائیدادیں اور مکانات پاکستان (براول) میں موجود ہیں اور افغانستان میں ہماری کوئی زمین یا جائیداد نہیں ہے، اس کے باوجود ہمیں زبردستی افغانستان منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔”
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ”ایک ہی خاندان کا ایک بھائی پاکستانی اور دوسرا افغانی کیسے ہو سکتا ہے؟”
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے تمام خونی رشتہ دار پاکستان میں موجود ہیں اور وہ نادرا کے سامنے ہر قسم کی ضمانت اور حقیقت بیانی کے لیے تیار ہیں۔ خاندان نے وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف جسٹس آف پاکستان اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اپیل کی ہے کہ ان کے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، لہٰذا انہیں اپنے ہی ملک میں بے دخل ہونے سے بچایا جائے اور مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔
