ہم نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا وعدہ پورا کردیا اور بلدیاتی کونسلوں کو 43 ارب روپے کا فنڈ فراہم کردیا ہے۔محمد عاطف خان

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس)صوبائی وزیر تعلیم اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے معمولی کارندے بھی پلی بارگین کے ذریعے نیب کو کرپشن کے کروڑوں روپے واپس کر رہے ہیں وہ بھی پی ٹی آئی حکومت پر انگلیا ں اُٹھاتے ہیں ایسے لوگوں کو تو دوسروں پر الزامات کی بجائے ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کلچر کا جواب دینا چاہیئے۔وہ یونیں کونسل فاطمہ کے علاقے قاضی آباد کی بااثر شخصیت اور ویلج کونسل قاضی آباد کے ناظم جمیل باچہ اور ان کے خاندان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے جلسے سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور پی ٹی آئی کے رہنما طارق سعید نے بھی خطاب کیا ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ میرٹ اور قانون کی حکمرانی ہی کے ذریعے قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں لیکن بد قسمتی سے ہمارے ملک میں میرٹ کے قتل اور لوٹ مار کو سیاست کا نام دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں لیکن پی ٹی آئی نے عمران خان کی قیادت میں اس کلچر کو تبدیل کرنے کا عہد کیا ہے خیبر پختونخوا میں اداروں کو سیاست سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے پولیس اب سیاستدانوں کی ایما پر پکڑ دھکڑ نہیں کر رہی کیونکہ اس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا ہے اب تھانے بکتے نہیں بلکہ تھانوں میں عوام کو انصاف ملتا ہے ۔اب کوئی غریب کو ظلم کا نشانہ بنا سکتا ہے نہ دھونس دھاندلی کے ذریعے اس کا حق ہڑپ کر سکتا ہے کیونکہ پی ٹی آئی غریب کی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پٹواری اور تھانے دار خان خوانین اور ارکان اسمبلی کے کچن اور حجرے چلاتے تھے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا تھا لیکن آج وہ صورتحال نہیں رہی محکمہ تعلیم میں 14 ہزار اساتذہ کی بھرتی خالص میرٹ پر مکمل کی گئی ہے جبکہ دسمبر کے آخر تک مجموعی طور 26 ہزار اساتذہ کی بھرتی شفاف انداز میں مکمل کی جائے گی ۔محمد عاطف خان نے ویلج کونسل قاضی آباد کے ناظم جمیل باچہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا وعدہ پورا کردیا اور بلدیاتی کونسلوں کو 43 ارب روپے کا فنڈ فراہم کردیا ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پی کے 30 میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل گرلز سکول اور 20 کروڑ روپے کی لاگت سے دیہی مرکز صحت تعمیر کی جارہی ہے انہوں نے قاضی آباد میں پرائمری اور مڈل سکولوں کی منظوری اور سڑک کی تعمیر کا اعلان کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔