تازہ ترین

چترال میں پشاور ہائی کورٹ سرکٹ بنچ 27 اپریل سے مقدمات کی سماعت کرے گا

چترال(چترال ایکسپریس)پشاور ہائی کورٹ کے سرکٹ بنچ چترال میں 27، 28، 29 اور 30 اپریل 2026 کو سنگل بنچ کے روبرو مختلف مقدمات کی سماعت ہوگی۔ اس سلسلے میں عدالت کی سربراہی جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال کریں گے، جبکہ درجنوں دیوانی، فوجداری اور دیگر نوعیت کے کیسز سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے کاز لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق مقدمات کی سماعت مقررہ تاریخوں پر کی جائے گی۔

مزید برآں، وہ مقدمات جو پہلے سے پشاور ہائی کورٹ کے بنچ سوات میں مقرر ہو چکے ہیں، انہیں بھی ورچوئل پوائنٹ (ڈسٹرکٹ کورٹ ویڈیو لنک) کے ذریعے سناجاسکے گا۔ یہ سہولت بھی سائلین کو فراہم کی گئی ہے جس سے مقدمات کی پیروی مزید آسان ہو جائے گی۔

بار ایسوسی ایشن چترال کے صدر مومن الرحمن ایڈووکیٹ نے سرکٹ بنچ کے قیام اور باقاعدہ سماعتوں کے انعقاد کو ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اس اقدام سے نہ صرف وکلا برادری بلکہ عام سائلین کو بھی نمایاں ریلیف ملے گا، کیونکہ اس سے قبل مقدمات کی پیروی کے لیے سوات جانا پڑتا تھا، جو ایک مشکل اور مہنگا مرحلہ ثابت ہوتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکٹ بنچ کے قیام سے چترال کے عوام کو مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی۔ مومن الرحمن ایڈووکیٹ نے اس موقع کو چترال کے عوام کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے وکلا اور سائلین پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخوں پر اپنی حاضری یقینی بنائیں تاکہ اس اقدام کو کامیاب بنایا جاسکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس موقع سے بھرپور فائدہ نہ اٹھایا گیا تو مستقبل میں اس نوعیت کی سہولت کا تسلسل برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریقین اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عدالت میں بروقت پیش ہوں۔

واضح رہے کہ چترال میں سرکٹ بنچ کے قیام کے لیے بار ایسوسی ایشن چترال کے صدر مومن الرحمن ایڈووکیٹ کی انتھک کاوشیں شامل ہیں، جنہیں عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے علاقے میں انصاف کی فراہمی کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور لوگوں کو دور دراز علاقوں کے سفر سے نجات ملے گی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock