تازہ ترین

ایئرپورٹ روڈ تا یونیورسٹی پیچ ورک کا آغاز، مستقل حل کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

عوامی نمائندوں کا گرم چشمہ تک جامع سڑک منصوبہ بنانے پر زور

چترال (چترال ایکسپریس)ایئرپورٹ روڈ سے یونیورسٹی تک سڑک کی فوری پیچ ورک اور فلنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جسے عوامی حلقوں نے خوش آئند قرار دیا ہے، تاہم اسے عارضی اقدام قرار دیتے ہوئے مستقل حل کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

چیئرمین ویلج کونسل سنگور، آمین الرحمن شاہمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ پیچ ورک سے وقتی طور پر آمدورفت میں بہتری آئے گی، مگر علاقے کو درپیش بنیادی مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، وی آئی پی روڈ، دفاعی روڈ اور سیاحتی مقامات کو جانے والی شاہراہیں نہ صرف روزمرہ ٹریفک بلکہ تعلیمی، سیاحتی اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مرکزی شاہراہوں کے ساتھ منسلک ویلی روڈز اور ایمرجنسی راستے بھی خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روزانہ ہزاروں افراد ان سڑکوں سے گزرتے ہیں، مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق پیچ ورک کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ حکام نے مسئلے کا ادراک کر لیا ہے، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ گرم چشمہ تک ایک جامع، دیرپا اور معیاری سڑکوں کا منصوبہ تشکیل دیا جائے تاکہ بار بار کی عارضی مرمت کے بجائے مستقل بنیادوں پر بہتری لائی جا سکے۔

آمین الرحمن شاہمیر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی مستقل تعمیر نو کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور سیاحتی و تعلیمی اہمیت کی حامل شاہراہوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلی روڈز اور ایمرجنسی راستوں کو بھی مرکزی منصوبے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ معاملہ صرف سڑکوں کی مرمت تک محدود نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی، مقامی معیشت اور علاقے کے مستقبل سے جڑا ہوا ایک اہم مسئلہ ہے، جس کے لیے پائیدار اور دیرپا حل ناگزیر ہو چکا ہے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO