تازہ ترین

چترال بازار میں جعلی و غیر معیاری اشیاء کی بھرمار، عوامی صحت خطرے میں

چترال (چترال ایکسپریس) چترال کے مرکزی بازار اور ملحقہ علاقوں میں جعلی، غیر معیاری اور ایکسپائر شدہ اشیاء کی فروخت میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معیاری اور محفوظ اشیاء کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے، مگر اس کے برعکس بازار میں مضرِ صحت اشیاء کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کنزیومر پروٹیکشن کونسل چترال نے مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں جعلی اور غیر معیاری مصنوعات ضبط کی ہیں۔ ضبط شدہ اشیاء میں دو نمبر سگریٹ، جعلی شیمپو، صابن، میک اپ، ٹوتھ پیسٹ کے علاوہ ایکسپائر جوسز، لیکٹوجن، بسکٹ اور کینڈیز سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء شامل ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق جعلی سگریٹ اور غیر معیاری مصنوعات کا استعمال دل، سانس اور دیگر مہلک بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ ایکسپائر خوراک انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتی ہے۔ اس صورتحال کو نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اسے عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ بھی سمجھا جا رہا ہے۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بازاروں میں باقاعدہ نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنائیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ خریداری کے دوران اشیاء کی میعاد، معیار اور مستند برانڈز کی تصدیق یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ اس ناسور کا بروقت خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔

ماہرین کے مطابق محفوظ بازار اور صحت مند معاشرہ قائم کرنے کے لیے حکومت اور عوام دونوں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock