
ایمانداری کی روشن مثال: ننھے طالب علم نے 21 ہزار روپے اصل مالک تک پہنچا دیے
چترال (چترال ایکسپریس) مدرسہ ابو ہریرہ شیشی کے ایک کمسن طالب علم نے دیانتداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے معاشرے کے لیے ایک مثبت پیغام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایان حسین ولد میر حسین، ساکنہ آزوردام، کو راستے میں 21 ہزار روپے کی رقم ملی۔ کم عمری کے باوجود انہوں نے
یہ رقم اپنے استعمال میں لانے کے بجائے غیر معمولی ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے والدین کے حوالے کر دی۔
بعد ازاں سوشل میڈیا کے ذریعے رقم کے اصل مالک کی تلاش شروع کی گئی، جس کے نتیجے میں اصل مالک تک رسائی ممکن ہوئی اور رقم بحفاظت ان کے حوالے کر دی گئی۔
اس قابلِ تقلید عمل پر تنظیمِ انسانی خدمت کے دفتر میں ایان حسین کی حوصلہ افزائی کی گئی، جہاں انہیں نقد انعام دے کر سراہا گیا۔
مقامی عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ معاشرے میں آج بھی سچائی، امانت اور دیانت جیسے اعلیٰ اقدار موجود ہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کی اسی نہج پر تربیت جاری رکھیں تاکہ معاشرہ مزید بہتر سمت میں گامزن ہو سکے۔
آخر میں ایان حسین کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور ہم سب کو بھی ایسے نیک اعمال کی توفیق دے۔ آمین۔
