
زرگراندہ لوئر چترال کے مسائل کے حل کے لیے مقامی قیادت متحرک، کمیٹی تشکیل
چترال (چترال ایکسپریس) 29 اپریل 2026 بروز بدھ جامع مسجد زرگراندہ میں ایک اہم مشاورتی اجلاس زیر صدارت مولانا رشید احمد استاد منعقد ہوا۔ اجلاس میں علاقے کے کثیر تعداد میں عمائدین اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں باہمی اتفاقِ رائے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ میٹنگز کے مطابق وی سی سی کی جانب سے علاقے کے لیے تجویز کردہ سامان کی خریداری جلد از جلد عمل میں لائی جائے گی۔
اسی طرح چترال گول میں ٹنیکی کی صفائی فوری طور پر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کے تمام اخراجات وی سی سی زرگراندہ کے فنڈ سے ادا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پچھلی میٹنگز میں جن کرایہ داروں کو زرگراندہ سے بے دخلی کا نوٹس دیا گیا تھا، ان میں سے بعض افراد تاحال رہائش پذیر ہیں۔ ان گھر مالکان کو آخری بار 15دن کا نوٹس جاری کیا جائے گا، اور مقررہ مدت کے اندر اندر مذکورہ کرایہ داروں کو عمارتیں خالی کرنی ہوں گی۔
اجلاس میں تمام فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو آئندہ زرگراندہ کے تمام امور میں نمائندہ اور ذمہ دار کمیٹی کے طور پر کام کرے گی۔
