آواز اقبال

روشنی کا سفر!!! شاہ رحیم الحسینی کا دورۂ گلگت بلتستان و چترال اور ایک روشن مستقبل کی نوید – اقبال عیسیٰ خان

گلگت بلتستان اور چترال کی حسین وادیوں میں آج امید، مسرت اور روحانی سکون کی ایک دلنشین لہر دوڑ رہی ہے۔ شیعہ امامی اسماعیلی مسلم کے روحانی پیشوا شاہ رحیم الحسینی آ غا خان کی تشریف آوری محض ایک دورہ نہیں بلکہ ایک ایسی بابرکت ساعت ہے جو دلوں کو جوڑتی، سوچ کو جِلا بخشتی اور ترقی کے ایک نئے باب کی نوید سناتی ہے۔ یہ لمحہ صرف دیدار کا نہیں بلکہ محبت، عقیدت اور ایک روشن مستقبل کے عہد کا استعارہ ہے۔
یہ خطہ بد ترین غربت، محرومی، دوری اور خاموشی کی پہچان تھا، مگر آج علم، خودداری اور عالمی شناخت کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔ اس قابلِ فخر تبدیلی کے پس منظر میں آ غا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی مسلسل، مخلصانہ اور انسان دوست خدمات شامل ہیں، جنہوں نے تعلیم، صحت اور معاشی استحکام کے ذریعے زندگیوں میں وقار اور امید پیدا کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج یہاں کے نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں، کردار اور محنت سے ایک نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔
اس بابرکت موقع کی ایک نہایت خوبصورت جھلک بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ہے۔ گلگت بلتستان اور چترال میں اسماعیلی برادری کے ساتھ سنی، شیعہ، نوربخشی اور دیگر برادر کمیونٹیز جس خلوص، محبت اور یکجہتی کے ساتھ اس بات برکت دورے کی اور دیدارگاہ کی تیاریوں میں تعاون کر رہے ہیں، وہ ایک روشن مثال ہے۔ یہ اتحاد نہ صرف دلوں کو تقویت دیتا ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ جب نیتیں صاف اور دل ایک ہوں تو ترقی کی راہیں خود ہموار ہو جاتی ہیں۔
یہ تمام پیش رفت ایک گہری فکری بیداری اور مثبت انقلاب کی عکاسی کرتی ہے، جہاں شرحِ خواندگی میں اضافہ، خواتین کی تعلیم کا فروغ اور عالمی معیار کی سوچ نے ایک نئی نسل کو بااعتماد، باوقار اور باصلاحیت بنایا ہے۔ یہ دورہ اس روشن سفر کو مزید مضبوطی بخشتا ہے اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقیقی ترقی انسان سازی سے جڑی ہوتی ہے۔
یہ بابرکت لمحہ ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اتفاق و اتحاد ہی ترقی کے منازل با آسانی طے کرنے میں مدد دیتا ہے اور یہ ایک بامقصد اور روشن سفر ہے، ایسا سفر جس میں ایمان روشنی دیتا ہے، علم راستہ دکھاتا ہے اور خدمت اسے معنویت عطا کرتی ہے۔

IqbalEssaKhan@Yahoo.com

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO