
نو تعینات ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان کی سرکل ایس ڈی پی اوز کے ساتھ تعارفی میٹنگ
تبادلوں اور تعیناتیوں میں سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، میرٹ کو ترجیح دی جائے گی: ڈی پی او لوئر چترال
چترال (چترال ایکسپریس)نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں سرکل ایس ڈی پی اوز کے ساتھ ایک اہم تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں
ایس پی ایلیٹ فورس لوئر چترال عتیق الرحمن، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عزیز الدین، ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ، ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ، ایس ڈی پی او سرکل دروش سجاد حسین، ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ اقبال الدین اور ڈی ایس پی سیکیورٹی قربان پناہ نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیوں، جرائم کی پیشگی روک تھام، پولیس فورس میں ڈسپلن کی پابندی، اور تبادلوں و تعیناتیوں کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان نے واضح کیا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تبادلوں اور تعیناتیوں کے معاملے میں کسی قسم کی سفارش یا غیر ضروری دباؤ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، بلکہ تمام فیصلے محض میرٹ اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت کیے جائیں گے۔
انہوں نے تمام افسران کو سخت ہدایت کی کہ پولیس فورس میں اعلیٰ درجے کا نظم و ضبط برقرار رکھا جائے اور تمام اہلکار اپنے فرائضِ منصبی پوری ذمہ داری، ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور بلا خوف و خطر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈی پی او چترال نے مزید کہا کہ لوئر چترال پولیس کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی کا قیام اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ بہترین اخلاق سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر صلاحیتیں کاروئے کار لائیں۔
