
اقبال کا پیغام نوجوان نسل کے نام۔۔خودی، خود اعتمادی، بلند پروازی اور اسلامی تشخص کا پیغام۔۔تحریر: ابوسلمان محمدقاسم
9 نومبر، یومِ اقبال محض ایک عظیم شاعر اور مفکر کو یاد کرنے کا دن نہیں، بلکہ ان کے افکار و نظریات کو سمجھنے، اپنی فکر و کردار کا جائزہ لینے اور بالخصوص نوجوان نسل کو ایک بامقصد زندگی کا راستہ دکھانے کا دن ہے۔
1۔ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیے اور خود اعتمادی پیدا کیجیے!
اقبال نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کی پہچان، اپنی ذات پر اعتماد اور اپنی قوتِ ارادی کو بیدار کرنے کا پیغام دیتے ہیں۔ نوجوان اپنی خودی کو پہچانیں، اپنی منزل کا تعین کریں اور اپنے اندر کامیابی کا یقین پیدا کریں۔
2۔ بڑے خواب دیکھیے اور بلند مقاصد متعین کیجیے!
اقبال کا شاہین پست پروازی کا عادی نہیں، بلکہ بلندیوں کا مسافر ہے۔ نوجوان بڑے سائنس دان، قابل ڈاکٹر، ماہر انجینئر، نامور محقق، مفسرِ قرآن، محدثِ اور کامیاب کاروباری شخصیت بننے کے خواب دیکھیں۔ بڑے خواب ہی بڑے کارناموں کی بنیاد بنتے ہیں۔
3۔ علم حاصل کیجیے، محنت کو اپنا شعار بنائیے!
خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے محض خواہش کافی نہیں، بلکہ علم، محنت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور استقامت ناگزیر ہیں۔ نوجوان دل لگا کر تعلیم حاصل کریں، تحقیق و مطالعے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور علم کو اپنی شخصیت اور معاشرے کی تعمیر کا وسیلہ بنائیں۔
4۔ مشکلات سے نہ گھبرائیے، عزم و ہمت سے آگے بڑھیے!
بلندیوں کا سفر آسان نہیں ہوتا۔ راستے میں مشکلات، ناکامیاں اور آزمائشیں ضرور آتی ہیں، مگر باہمت نوجوان ان سے گھبراتے نہیں، بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور منزل کے قریب پہنچنے کا ذریعہ بناتے ہیں۔
5۔ مغرب کی اندھی تقلید سے بچیے، اپنی اسلامی شناخت برقرار رکھیے!
اقبال نے یورپ میں قیام کے دوران مغربی معاشرے، تہذیب و تمدن، طرزِ زندگی اور فکری نظام کا قریب سے مشاہدہ اور گہرا مطالعہ کیا تھا۔ وہ مغرب کے علم، تحقیق اور سائنسی ترقی سے آگاہ تھے، لیکن اس کی تہذیبی و اخلاقی خامیوں اور مادہ پرستی پر تنقید بھی کرتے تھے۔
ان کا پیغام تھا کہ مسلمان بالخصوص نوجوان اور طلبہ دوسروں کی اندھی نقالی میں اپنی تہذیب، اپنی روایات، اپنے خاندانی نظام اور اپنی اسلامی شناخت کو فراموش نہ کریں۔ مسلمانوں کی اپنی ایک امتیازی شان، الگ تہذیب، منفرد معاشرت اور قابلِ فخر دینی و اخلاقی تشخص ہے۔ ہمیں علم و تحقیق اور مفید سائنسی ترقی سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے، لیکن اپنی اقدار اور اسلامی اصولوں کی قیمت پر کسی دوسری تہذیب کی نقالی نہیں کرنی چاہیے۔
اقبال فرماتے ہیں:
اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی
نظر کو خیرہ کرتی ہے چمک تہذیبِ حاضر کی
یہ صناعی مگر جھوٹے نگوں کی ریزہ کاری ہے
6۔ قرآن و سنت سے وابستگی اور عشقِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائیے!
اقبال کا تصورِ نوجوان محض دنیاوی ترقی اور مادی کامیابی تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایسا نوجوان دیکھنا چاہتے ہیں جس کے سینے میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع فروزاں ہو، جس کا کردار اسلامی تعلیمات کا آئینہ دار ہو اور جس کی زندگی کا ہر قدم رضائے الٰہی کے حصول کے لیے اٹھے۔
ہم نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے امتی ہیں۔ ہماری اصل پہچان ہمارا ایمان، ہماری تہذیب، ہمارا کردار اور ہماری نسبتِ رسول ﷺ ہے۔ ہمیں قرآن و سنت پر کامل ایمان رکھنے کے ساتھ ان کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں بھی نافذ کرنا چاہیے۔
وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارکِ قرآں ہو کر
7۔ اپنی ملت کی عظمت اور اجتماعی تشخص کو پہچانیے!
اقبال نوجوانوں کو محض اپنی ذات کی کامیابی تک محدود نہیں دیکھنا چاہتے، بلکہ ان کے نزدیک ایک باشعور نوجوان اپنی ملت، اپنے معاشرے اور اپنی قوم کی ترقی و سربلندی کے لیے بھی فکر مند ہوتا ہے۔ نوجوانوں میں اتحاد، اخوت، ایثار، خودداری اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
آئیے! یومِ اقبال پر عہد کریں!
ہم محض اقبال کے اشعار پڑھنے اور ان کی تعریف کرنے پر اکتفا نہیں کریں گے، بلکہ ان کے پیغامِ خودی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں گے، علم کو اپنا ہتھیار، کردار کو اپنی پہچان، محنت کو اپنا شعار، قرآن و سنت کو اپنی رہنمائی اور عشقِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا سرمایہ بنائیں گے۔
یاد رکھیے! قوموں کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوتا ہے جو اپنے خوابوں کو مقصد، اپنے مقصد کو جدوجہد اور اپنی جدوجہد کو کامیابی میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
اقبال کا پیغام آج بھی ہر نوجوان کو پکار رہا ہے:
اپنی خودی کو پہچانو، اپنی پرواز بلند کرو، دوسروں کی اندھی تقلید سے بچو، اپنے ایمان و کردار کی حفاظت کرو اور اپنی ملت کے روشن مستقبل کے معمار بنو۔
یہی فکرِ اقبال کا حقیقی تقاضا، یہی نوجوان نسل کی اصل ذمہ داری اور یہی یومِ اقبال کا سب سے خوبصورت پیغام ہے۔
