
رات کے اوقات میں مؤثر پولیسنگ اور جرائم کی روک تھام کے لیے لوئر چترال پولیس کی خصوصی مہم کا آغاز
چترال (چترال ایکسپریس):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے لوئر چترال پولیس کی جانب سے رات کے اوقات میں خصوصی گشت اور چیکنگ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ رات گئے بعض نوجوان مختلف گروپوں اور ٹولیوں کی شکل میں مختلف مقامات پر جمع ہو کر بیٹھتے ہیں، جس سے اہلِ علاقہ کو تشویش اور بے چینی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ کی سربراہی میں خصوصی پولیس گشت ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو دنین، چترال بازار، گولدور، پرانی سبزی منڈی اور فیض آباد ہون ایریا سمیت مختلف حساس علاقوں میں روزانہ رات 10 بجے سے 1 بجے تک خصوصی بیٹ کے تحت گشت اور چیکنگ کا عمل یقینی بنائیں گی۔
دورانِ گشت مشکوک افراد اور گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ غیر ضروری اجتماعات اور بلاوجہ گھومنے پھرنے والے عناصر کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اس موقع پر پولیس انتظامیہ کی جانب سے نوجوانوں اور عام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رات 10 بجے کے بعد بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے اور مختلف مقامات پر گروہوں کی شکل میں جمع ہونے سے گریز کریں۔ انتہائی ضروری کام کے سلسلے میں باہر نکلنے کی صورت میں اپنی شناختی دستاویزات (شناختی کارڈ وغیرہ) لازمی ہمراہ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
لوئر چترال پولیس نے اعادہ کیا ہے کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو پُرامن و محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔
