
میرے راستے کی حسین خاتون سے ایک سال بعد پھر ملاقات ہوئی..تحریر: نورالہدیٰ یفتالیٰ
تقریباً ایک سال پہلے شندور، لاسپور اور یارخون کی طرف جاتے ہوئے مستوج پل سے آگے ایک چھوٹی سی نہر کے کنارے ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ وہی کچا مکان، وہی درخت وہی بہتا ہوا پانی اور درخت کے سائے میں بیٹھی ایک خاموش ماں اس کے چہرے پر زمانے کی تھکن آنکھوں میں ایک طویل انتظار اور وجود میں ایسی خاموشی تھی جسے الفاظ میں
بیان کرنا شاید ممکن نہیں۔
اس روز بھی میں کچھ دیر اس کے پاس رکا تھا اس کی کہانی سنی تھی، اس کے چہرے کو پڑھنے کی کوشش کی تھی اور واپسی پر بہت کچھ اپنے ساتھ لے آیا تھا۔ لیکن آج، ایک سال بعد، جب دوبارہ اسی راستے سے گزرا تو قسمت نے پھر اسی ماں سے ملاقات کروا دی۔
وہ آج بھی وہیں تھیوقت نے شاید اس کے چہرے پر چند مزید لکیریں کھینچ دی تھیں، بالوں میں سفیدی کچھ اور بڑھ گئی تھی مگر اس کی بیٹھنے کی جگہ نہیں بدلی تھی۔ نہر آج بھی اسی طرح بہہ رہی تھی، درخت آج بھی سایہ دے رہا تھا اور وہ ماں آج بھی اپنی خاموش دنیا میں گم تھی۔
میں نے اسے دیکھا تو دل میں ایک عجیب سی خوشی محسوس ہوئی۔ یہ خوشی کسی مسرت کی نہیں تھی، بلکہ اس بات کی تھی کہ وہ آج بھی زندہ ہے، اپنے وجود کے ساتھ، اپنی یادوں کے ساتھ اور شاید اپنے بیٹے کے انتظار کے ساتھ۔
میں جب بھی اپنے گھر کی طرف اس راستے سے گزرتا ہوں دل بے اختیار اس جگہ کو تلاش کرتا ہے۔ اگر وہ وہاں بیٹھی نظر آ جائے تو عجیب سا اطمینان ہوتا ہے، لیکن اگر اس کی جگہ خالی ہو تو دل خفا خفا سا رہتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے راستے کا کوئی اپنا شخص آج ملاقات کے لیے موجود نہیں۔
شاید اس کے لیے ایک سال بھی نہیں گزرا شاید اس کی زندگی آج بھی اسی دن، اسی لمحے اور اسی مقام پر ٹھہری ہوئی ہے جہاں اس کی ممتا کا سب سے قیمتی سرمایہ اس سے بچھڑ گیا تھا۔
ہم اپنے دکھوں کے ساتھ آگے بڑھ جاتے ہیں۔ وقت ہمیں مصروف کر دیتا ہے، نئی منزلیں، نئے رشتے اور نئی خوشیاں ہماری زندگی میں جگہ بنا لیتی ہیں لیکن کچھ دکھ ایسے ہوتے ہیں جن کے لیے وقت کوئی مرہم نہیں بنتا۔ وہ انسان کے اندر ایک مستقل خاموشی بن کر رہ جاتے ہیں۔
میں نے آج پھر اس کے پاس بیٹھ کر محسوس کیا کہ ماں کی محبت کا کوئی متبادل نہیں۔ اولاد دنیا سے چلی جائے تو ماں کے لیے اس کی عمر ختم نہیں ہوتی، بلکہ اس کی یادوں میں ایک نئی زندگی شروع ہو جاتی ہے۔ وہ اپنے بچے کو ہر درخت، ہر راستے، ہر ہوا کے جھونکے اور ہر بہتے پانی میں تلاش کرتی رہتی ہے۔
آج واپسی پر میں نے ایک بار پھر مڑ کر اسے دیکھا۔ وہ اپنی جگہ بیٹھی تھی۔ نہر بہہ رہی تھی اور پہاڑوں کے سائے لمبے ہو رہے تھے۔
میں آگے بڑھ گیا، مگر میرا دل وہیں کہیں اس درخت کے نیچے رہ گیا میں نہیں جانتا کہ اگلی ملاقات کب ہوگی۔ شاید چند دن بعد، شاید کئی مہینوں بعد، یا پھر ایک سال بعد۔ لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ جب بھی اس راستے سے گزروں گا، میری نگاہ بے اختیار اسی درخت کے سائے میں اس ماں کو تلاش کرے گی۔
وہ میرے راستے کی حسین خاتون ہےاس کی خوبصورتی چہرے میں نہیں، اس ممتا میں ہے جو اپنے بچھڑے ہوئے بیٹے کے بعد بھی زندہ ہے۔اور شاید دنیا میں ماں کی محبت سے زیادہ خاموش، زیادہ بے لوث اور زیادہ حسین کوئی داستان نہیں۔
