
استاد قوم کا معمار، معاشرے کا روشن چراغ۔۔تحریر: ابوسلمان محمدقاسم
پانچ اکتوبریومِ اساتذہ محض کیلنڈر پر درج ایک دن نہیں، بلکہ اُن عظیم ہستیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جو نسلوں کی تربیت، قوموں کی تعمیر اور معاشروں کی تشکیل میں خاموش مگر ناقابلِ فراموش کردار ادا کرتی ہیں۔ استاد وہ شخصیت ہے جو ہاتھ میں کتاب تھام کر صرف الفاظ نہیں پڑھاتا، بلکہ انسان بناتا ہے؛ صرف سبق نہیں دیتا، بلکہ زندگی جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ اسی احساس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پانچ اکتوبر یومِ اساتذہ کے موقع پر ٹاؤن ہال لوئر چترال میں ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ضلعی انتظامیہ لوئر چترال اور اسامہ وڑائچ اکیڈمی کے باہمی تعاون سے کیا گیا، جس میں ضلع کے طول و عرض سے منتخب کیے گئے بہترین اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ تقریب دراصل اُن خاموش مجاہدوں کے نام تھی جو کسی صلے اور ستائش کی تمنا کے بغیر اپنے تدریسی فرائض انجام دیتے ہوئے قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔ ضلع بھر سے بہترین اساتذہ کا انتخاب اس امر کا اعتراف تھا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور اخلاص کی خوشبو ایک نہ ایک دن ضرور پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اے ڈی سی جنرل لوئر چترال جناب عبدالسلام جبکہ صدرِ تقریب سین لشٹ سکول کے پرنسپل جناب طفیل صاحب تھے۔ تقریب میں ADEO سپورٹس لوئر چترال جناب اکبر حسین صاحب، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز چترال پروفیسر فضل حق صاحب، وائس پرنسپل سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال محترم شاہدجلال صاحب سمیت محکمۂ تعلیم اور تعلیم سے وابستہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان معزز شخصیات کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ کیا۔ تقریب کے آغاز میں اسامہ وڑائچ اکیڈمی کے ڈائریکٹر محترم جناب فدا صاحب نے معزز مہمانانِ گرامی اور شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ اور کلماتِ تشکر میں یومِ اساتذہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ معاشرے کی فکری، اخلاقی اور علمی بنیادیں مضبوط کرنے میں استاد کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سینیئر استاد محترم جناب امتیاز الدین صاحب نے بطور نقیبِ محفل نہایت احسن اور خوبصورت انداز میں انجام دیے، جن کی مؤثر نظامت نے تقریب کے حسن اور وقار میں مزید اضافہ کیا۔ مہمانِ خصوصی اور صدرِ تقریب نے اپنے خطابات میں منتخب بہترین اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی محنت، لگن اور تدریس سے خصوصی وابستگی کو سراہا۔ مقررین نے اس حقیقت پر زور دیا کہ معلم ہونا کوئی معمولی نسبت نہیں؛ یہ نسبتِ پیغمبری سے جڑی ہوئی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ یہی وہ نسبت ہے جو استاد کے منصب کو دنیا کے دیگر پیشوں سے ممتاز کرتی ہے۔ استاد کے ہاتھ میں صرف چاک نہیں ہوتا، اس کے ہاتھ میں آنے والی نسلوں کا مستقبل ہوتا ہے۔ اس کی زبان سے نکلنے والا ایک جملہ کسی طالب علم کی پوری زندگی کا رخ بدل سکتا ہے، اس کی ایک نصیحت کسی بھٹکے ہوئے نوجوان کو منزل دکھا سکتی ہے اور اس کا ایک اچھا عمل سیکڑوں بچوں کے کردار کا حصہ بن سکتا ہے۔ اسی لیے مقررین نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس عظیم نسبت کا لاگ رکھتے ہوئے طلبہ کی صرف علمی نہیں بلکہ اخلاقی اور تربیتی ضروریات پر بھی بھرپور توجہ دیں۔ تعلیم کا مقصد محض امتحان پاس کرنا نہیں بلکہ ایسے باکردار، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری تیار کرنا ہے جو مستقبل میں اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کے لیے باعثِ فخر بن سکیں۔ بیسٹ ٹیچر کا اعزاز دراصل محض ایک سند یا شیلڈ کا نام نہیں۔ یہ اس استاد کی برسوں کی محنت، کلاس روم میں گزارے ہوئے بے شمار لمحات، طلبہ کی کامیابیوں کے پیچھے چھپی قربانیوں اور اپنے پیشے سے مخلصانہ وابستگی کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز اُن تمام اساتذہ کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ محنت، قابلیت اور اخلاص کو معاشرہ دیکھتا بھی ہے اور قدر کی نگاہ سے تسلیم بھی کرتا ہے۔ یقیناً ضلع بھر سے منتخب ہونے والے بہترین اساتذہ مبارک باد کے مستحق ہیں، لیکن اس اعزاز کے ساتھ ایک نئی ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔ آج جب اُن کے نام کے ساتھ بیسٹ ٹیچر کا اعزاز جڑ گیا ہے تو اُن سے توقع بھی پہلے سے بڑھ گئی ہے کہ وہ تدریس کے میدان میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھاریں گے، اُن کے کردار کی تعمیر کریں گے اور اپنے علم و عمل سے دوسروں کے لیے مثال بنیں گے۔ ایک خوبصورت معاشرہ صرف بلند و بالا عمارتوں سے نہیں بنتا؛ وہ اچھے استاد، باکردار طالب علم اور مضبوط تعلیمی نظام سے وجود میں آتا ہے۔ اگر ہم واقعی اپنے مستقبل کو روشن دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے استاد کو عزت، اعتماد اور مقام دینا ہوگا۔ کیونکہ آج کا استاد جس ذہن کو تشکیل دے رہا ہے، وہی کل کا ڈاکٹر، انجینئر، عالم، افسر، سپاہی، سیاست دان اور سب سے بڑھ کر ذمہ دار انسان ہوگا۔ پانچ اکتوبر کی یہ خوبصورت تقریب اسی حقیقت کی یاد دہانی تھی کہ استاد کی عظمت کو صرف ایک دن میں محدود نہیں کیا جا سکتا۔ استاد تو وہ چراغ ہے جو خود جل کر دوسروں کو روشنی دیتا ہے؛ وہ شمع ہے جس کی لو سے نسلوں کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ بیسٹ ٹیچر ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ آپ کی کامیابی دراصل آپ کی محنت کا اعتراف ہی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے یہ پیغام بھی ہے کہ: “قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے تلوار نہیں، ایک مخلص استاد کی ضرورت ہوتی ہے۔” اور شاید یہی استاد کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ جب وہ اپنے شاگرد کو منزل پر پہنچتا دیکھتا ہے تو اُس کے چہرے پر فخر ہوتا ہے، مگر اُس فخر میں اپنا نام تلاش نہیں کرتا۔ استاد واقعی قوم کا معمار ہےاور جس قوم نے اپنے معمار کی قدر کرنا سیکھ لیا، اُس قوم کا مستقبل کبھی تاریک نہیں ہو سکتا۔
