
لوئر چترال میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم 11 نومبر سے شروع، 22 ہزار بچیوں کو ٹیکے لگانے کا ہدف
چترال (چترال ایکسپریس) لویر چترال میں رحم کے دہانے کے کینسر یعنی سروائیکل کینسر کے خلاف پندرہ روزہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کا شیڈول جاری کر دیاگیا، جو 11 نومبر سے 25 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران 9 سے 15 سال تک کی عمر کی 22,000 لڑکیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
چترال پریس کلب میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد
اور ای پی آئی (EPI) کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرمان نظار خان نے میڈیا کو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں 26 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوتمام سرکاری و نجی اسکولوں اور دینی مدارس کا دورہ کریں گی، جہاں ہدف شدہ عمر کی تقریباً 95 فیصد لڑکیاں زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسکولوں اور مدارس کے علاوہ جو لڑکیاں تعلیمی اداروں میں موجود نہیں ہوں گی یا کسی وجہ سے چھوٹ جائیں گی، ان کو کور کرنے کے لیے گھر گھر مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچی اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔
مہم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صحت کے حکام نے بتایا کہ اس ویکسین کو باقاعدہ طور پر حکومت کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات یعنیEPI میں 14 ویں بیماری کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مہم خاص طور پر ان لڑکیوں کے لیے ہے جو 9 سال کی عمر عبور کر چکی ہیں اور انہیں اب تک یہ حفاظتی ٹیکہ نہیں لگا۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ سروائیکل کینسر دنیا بھر میں خواتین کے لیے تیسرا سب سے بڑا اور مہلک ترین مرض قرار دیا گیا ہے، جو ہر سال دنیا بھر میں کروڑوں خواتین کی موت کا سبب بنتا ہے۔ اس ہلاکت خیز بیماری پر قابو پانے کے لیے ترقی یافتہ ممالک نے 1995 میں ہی اپنے ہاں ویکسینیشن کا آغاز کر دیا تھا، جبکہ پاکستان میں اس کا باقاعدہ آغاز سال 2025 میں ہوا ہے۔
سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں پائے جانے والے بعض شکوک و شبہات کو مسترد کرتے ہوئے ہیلتھ آفیسرز نے واضح کیا کہ سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک نے 2010 میں ہی اس ویکسین کو اپنے نظامِ صحت کا حصہ بنا لیا تھا۔ اس کے علاوہ، پاکستان سمیت پوری اسلامی دنیا کے جید علمائے کرام اور مذہبی سکالرز نے اس ویکسین کے طبی فوائد اور اس کے مستند ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کے جائز ہونے کا باقاعدہ فتویٰ دیا ہے۔ لہٰذا والدین کو کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے پر کان دھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
حکام نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ مہم کے دوران اپنی بچیوں کو یہ ویکسین لازمی لگوائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھلی مارکیٹ (اوپن مارکیٹ) میں اس ویکسین کی صرف ایک خوراک کی قیمت 42,000 روپے تک ہے، جو عام شہری کی پہنچ سے باہر ہے، جبکہ محکمہ صحت یہ قیمتی ویکسین مہم کے دوران بالکل مفت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 25 نومبر کے بعد یہ ویکسین مفت دستیاب نہیں ہوگی، اس لیے والدین اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی بیٹیوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپرنٹینڈنٹ ویکسنیشن عباد اللہ بھی موجود تھے۔
