مضامین

صدا بصحرا ………..پی آئی اے کا چترال روٹ

………………ڈاکٹر عنا یت للہ فیضی ؔ ………

چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز ۔پی کے 661- کو ایبٹ آباد کے قریب حویلیاں کے مقام پر حادثہ پیش آنے کے بعد جہاں انسانی مسائل پیدا ہوئے ،متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہوا حادثے میں جہاں شہدا کی لاشوں کو ان کے گھروں اور آبائی قبرستانوں تک پہنچانے میں تاخیر ہوئی وہاں نفسیاتی طورپر ایک ایسی فضا پیداہوئی جس میں لوگوں کو ہوائی سفر سے خوف آنے لگا اسلام آباد ،پشاور اور چترال میں پی آئی اے کے دفاتر کے اندر ٹکٹ لینے والوں کے چہروں پر خوف کے آثار دیکھنے میں آئے لوگ ایک دوسرے کو ڈراتے رہے کہ چھوڑ یا زندگی بار بار نہیں ملتی سڑک کے راستے سفر کرو یہ محفوظ سفر ہے حالانکہ ماضی میں پشاور اور اسلام آباد سے چترال کا سفر بیحد محفوظ سفر ثابت ہوا ہے جعرافیائی لحاظ سے گلگت سکردو اور چترال کا فضائی روٹ بلند پہاڑوں والا روٹ ہے اس روٹ پر 10 ہزار فٹ بلند درے آتے ہیں اور تیرہ ہزار فٹ بلند پہاڑی چوٹیاں آتی ہیں ڈیکوٹا اور فوکر جہازوں کو پندرہ ہزار فٹ بلندی پر آڑایا جاتا تھا فرانس کے جدید ATR جہاز لائے گئے تو ان جہازوں نے بادلوں میں 19000 فٹ اور 20000 فٹ تک بلندی پر بھی پرواز کیا 21000 فٹ کی بلندی کو بھی چھولیا اکثر اوقات پائلٹ اعلان کرتا ہے کہ آج آسمان پر بادل ہیں ہم 7000 میٹر کی بلندی پر اپنی پرواز کو لے جائینگے پرواز نا ہموار بھی ہو سکتی ہے اپنے سیٹ بیلٹ باندھے رکھیں ہم انشاء اللہ 50 منٹ کی پرواز کے بعد بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد پر اُتر نگے اور بادلوں کی وجہ سے یا ائیر پاکٹس کی وجہ سے پرواز نا ہموار بھی ہوتی ہے ،ہچکولے بھی کھاتی ہے تاہم اس روٹ پر فضائی حادثوں کی شرح بہت کم ہے گلگت روٹ پر 1989 ء میں ایک فوکر جہاز گم ہوگیا تھا چترال روٹ پر 1959 سے اب تک تین حادثے پیش آئے پہلا حادثہ سیسنا طیارے کا تھا جس میں چترال کے ریاستی مہتر ہز ہائی نس سیف الرحمن سفر کر رہے تھے لواری کے اوپر سیسنا کو مار گرایا گیا حادثے میں دو اموات ہوئیں دوسرا فضائی حادثہ ڈیکوٹا جہاز کا تھا یہ جہاز 32 مسافرو ں کو لیکر 1965 میں حادثے کا شکا ر ہوا س حادثے میں 29 افراد شہید ہوئے دو کمسن بچوں کے ساتھ ایک مسافر زندہ بچ گیا سردی کا موسم تھا برف پڑی ہوئی تھی زندہ بچنے والے برف کے اوپر گرے تھے اور اللہ پا ک نے بچالیا تھا اس قت کا دودھ پیتا بچہ اب بھی زندہ ہے ان کا باپ چترال میں پولٹیکل تحصلیدار تھا یہ اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کا کرشمہ ہے 1965 کے بعد 51 سالوں میں چترال روٹ پر کوئی فضائی حادثہ نہیں ہوا اس روٹ پر جہاز اڑانے والوں میں کیپٹن راحت کا نام مسافروں کو اب بھی یاد ہے پی آئی اے کے لئے چترال ،گلگت اور سکردو کا روٹ کبھی منافع بخش نہیں رہا اس روٹ پر مسافروں کو ٹکٹ میں سبسڈی دی گئی ہے البتہ غیر ملکیوں کا ٹکٹ سبسڈی سے مستثنیٰ ہے غیر ملکیوں کا ٹکٹ 10868 روپے جبکہ پاکستانیوں کا ٹکٹ 8359 روپے ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں 39 مسافر سبسڈی والے تھے صرف غیر ملکیوں کو پورا ٹکٹ دیا گیا تھا فیلڈ مارشل ایوب خان نے سڑک کے راستے سفر کی دوری ،سڑکوں کی ابتر صورت حال اور سردیوں میں پہاڑی دروں پر شدید برف باری کے پیش نظر چترال کے بھی گلگت اور سکردو کی طرح ہوائی سروس دینے کا سلسلہ شروع کر ایا تاہم چترال پشاور روٹ پی آئی اے کے شیڈول میں شامل تھا اسلام آباد روٹ نہیں تھا اسلام آبادروٹ کو جنرل پرویز مشرف نے متعارف کرایا اور یہ روٹ بیحد کامیاب رہا جنرل پرویز مشرف کہا کرتے تھے کہ چترال پاکستان کا ثقافتی خزانہ ہے اور ایہ ایسا پاکٹ ہے جس کی مثال نہیں ملتی وہ بھٹو کی طرح چترال کے عاشق ہیں ان کی حکومت چترال کے لئے رحمت سے کم نہیں تھی جو لوگ فضائی حادثے کے بعد ہوائی جہاز کے سفر سے خوف کھاتے ہیں ان کو یہ معلوم نہیں کہ گزشتہ 51 سالوں میں چترال سے پشاور اور اسلام آباد جاتے ہوئے سڑک کے راستے سفر میں 310 حادثات ہوئے اور ان میں 708 جانیں ضائع ہوئیں جبکہ فضائی حادثوں کے تعداد صر ف دو ہے اور جانی نقصان کا اندازہ 100 سے بھی کم ہے البتہ فضائی حادثہ بڑی خبر بنتی ہے ATR-42 کا تازہ ترین حادثہ واضح طور پر پی آئی اے حکام کی غفلت اور پی آئی اے کی انتظامیہ میں توڑپھوڑ کا نتیجہ ہے تخریب کاری کا امکان اگر چہ موجود ہے تاہم یہ امکان 5 فیصد سے زیادہ نہیں ایک اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ جنید جمشید کے جن دشمنوں نے کچھ عرصہ پہلے اسلام آباد ائیر پورٹ کے اندر اُن پر قاتلانہ حملہ کیا تھا وہی لوگ جہاز کو گرانے کی تخریب کاری میں ملوث ہو سکتے ہیں کیونکہ جنید جمشید چترال میں سو شل میڈیا کے ذریعے اپنی تصویریں با قائدگی کے ساتھ بھیجا کرتے تھے حادثے کی انکوائری سے ہمیں کوئی اُمید وابستہ نہیں ہے انکوائری کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا کیونکہ انکوائری کرنے والا گوشت پوشت انسا ن ہوتا ہے اس کو انکوائر ی کا جتنا معاوضہ ملتا ہے ذمہ دار لوگوں کو بچانے پر اس سے 10 گنا زیادہ فائدہ ملتا ہے اور وہ اپنا فائدہ دیکھتا ہے اگر چہ حکو مت نے سنجیدگی کا مظاہر کیا ،تو اس حادثے کے بعد پی آئی اے کی فوری نجکاری ہونی چاہیے ایک نا کام ائیر لائن چلانے کی جگہ اس کو فروخت کر نا حکومت کے لئے بہتر ہوگا سنگا پور ،چائنہ ،کوریا ،مشرق وسطیٰ یا امریکہ اور یورپ سے آنے والا کوئی تجربہ کار شخص سرمایہ لگا ئے گا تو پاکستان میں 1990 ء سے پہلے کی طرح کامیاب فضائی کمپنی وجود میں آئے گی اور نیٹ ائیر ویز کو اپی آئی اے کا نام دیا گیا تھا اب پی آئی اے کو موجودہ ٹوٹی پھوٹی انتظامہ کے ساتھ جاری رکھنے کی ضد سے بے سود ہے اس کی مکمل اور 100 فیصد نجکاری ہونی چاہیے ۔48 گھروں میں ماتم اور دنیا بھر میں بدنامی کے بعد پاکستان کی ناکام فضائی کمپنی کو اسی حالت میں ٹوٹی پھوٹی انتظامیہ کے ساتھ جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں ۔
حکومت سے یہ گلہ اور شکوہ ہے کہ ترقی کے اس دور میں اکیسویں صدی میں حادثے کے شہداکی جسمانی باقیات کے تابوت 10 دن بعد بھی ان کو ورثا کو نہیں ملے ڈپٹی کمشنر کا تابوت پہلے دن مل گیا ،جنید جمشید کا تابوت 7دن بعد مل گیا مرزا گل کے خاندان کے 6 افراد کے تابوت نہیں ملے ،احترام الحق ،فرہاد عزیز ،محمد خان ،محمد علی،شمشاد بیگم ،عائشہ عثمان اور دیگر 17 شہداء کے ورثا بھی 10 دن گزرنے باوجود انتظار کررہے ہیں نیم بے ہوش مائیں ،افسردہ اور غم زدہ بچے محو انتظار ہیں اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ حکومت کی نااہلی مزید کیا گُل کھلائے گی ۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى