
آج کل ملک کے اندر سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی باتیں سننے کو مل رہی ہیں اور اسی تناظر میں نئے انتظامی یونٹس تشکیل دینے کی بات ہو رہی ہے۔ نئے انتظامی یونٹس یعنی نئے صوبوں کی تشکیل کو ایک حل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، مگر یہ امر بھی بدقسمتی سے ’’سیاسی‘‘ بن چکا ہے۔
بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا نئے صوبے ہی مسائل کا حل ہیں؟ اس سوال پر سنجیدہ اور میرٹ پر مکالمہ ہونا چاہیے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ملک کے اندر سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنما بھی قومی اہمیت کے معاملات میں آئین سے روگردانی کرتے آئے ہیں اور ساتھ ساتھ آئین کی بالادستی اور آئین پر عمل درآمد کا نعرہ بھی لگاتے ہیں۔ یہ بحث پھر کبھی سہی۔
اس وقت پاکستان کے چار صوبوں اور ایک وفاقی دارالحکومت پر مشتمل نظام چل رہا ہے۔ صوبوں کو وسائل ایک فارمولے کے تحت ملتے ہیں۔ نظام حکومت چلانے کے لیے وفاق اور صوبوں میں ’’پارلیمانی جمہوریت‘‘ نافذ ہے۔ کارسرکار چلانے کے لیے وزارتیں اور ان کے تحت مختلف ادارے کام کرتے ہیں۔ یہ طریقہ کار پچھلے 79 سالوں سے رائج چلا آ رہا ہے۔ ان 79 سالوں کے دوران جتنی بھی فوجی حکومتیں آئی ہیں، ان کے دور میں بھی طریقہ حکومت اور سرکاری مشینری یہی رہی ہے۔
سسٹم کی ناکامی کا رونا رویا جاتا ہے، مگر یہ ’’سسٹم‘‘ ہے کیا بلا؟ نئے صوبوں کی تشکیل کا سسٹم پر کیا مثبت اثر پڑے گا کہ ناکامی کا یہ رونا دھونا بند ہو جائے؟ بالفرض، نئے صوبوں کی تشکیل کے بعد بھی اگر سسٹم نہ چل سکا تو پھر متبادل تجویز یا عمل کیا ہوگا؟کیا دوبارہ نئے صوبوں کو ختم کرکے چار صوبے تشکیل پائینگے؟
ملکی مسائل کا حل نئے صوبوں کی تشکیل میں شاید ہو یا نہ ہو، مگر ’’سسٹم‘‘ (کارسرکار کے طریقہ کار) میں واضح، جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید طرزحکمرانی کے مطلوبہ معیارات کے مطابق تبدیلی اور اصلاحات میں ضرور ہے۔ ہم اس وقت بھی آٹھ دہائیوں پرانے نظام کے ساتھ جڑے ہوئے چلے آ رہے ہیں، جو تاج برطانیہ سے مستعار لیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت نہیں بلکہ عوام پر حکمرانی ہے، جو عوام کی خدمت کرنے والے حکومتی عمال کے بجائے رولنگ کلاس کلچر کو پروان چڑھا رہا ہے۔
مجھے یاد پڑ رہا ہے کہ غالباً 2020 میں اسلام آباد کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں گڈ گورننس کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے، اس وقت کے وزیراعظم کے مشیر برائے حکومتی اصلاحات، محترم ڈاکٹر عشرت حسین نے ’’گورننس‘‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بڑے واضح انداز میں کہا تھا کہ ہماری ترقی کا راز ’’کار سرکار‘‘ یا ’’سرکاری مشینری‘‘ کو اپ ڈیٹ کرنے میں ہے۔ اس وقت اصلاحات کے بارے میں باتیں ہو رہی تھیں، مگر پھر ہوا کچھ نہیں۔ بعد ازاں ایک اور موقع پر پولیس اصلاحات کے حوالے سے ایک ویب نار (Webnar) میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے اپنے اس موقف کو دہرایا اور کچھ مثالیں بھی پیش کیں کہ ادارہ جاتی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔
اگر حقیقت کی نظر سے دیکھا جائے تو حکومتی مشینری اور نظام میں اصلاحات کے لیے سنجیدہ کوشش صرف اور صرف جنرل پرویز مشرف کے دور میں ہوئی، جب لیفٹیننٹ جنرل تنویر نقوی کی سربراہی میں ’’نیشنل ری کنسٹرکشن بیورو (NRB)‘‘ تشکیل دیا گیا اور ایک نیا نظام حکومت اور بیوروکریسی تشکیل دی گئی۔ اس وقت ایک بااختیار (سیاسی، انتظامی اور مالیاتی لحاظ سے) ، عوامی نمائندہ اور جواب دہ لوکل گورنمنٹ کا نظام تشکیل دے کر بیوروکریسی کو نئے سرے سے ترتیب دیا گیا تھا۔ مگر بدقسمتی سے ان اصلاحات کا گلا کسی اور نے نہیں بلکہ سیاست دانوں نے کاٹ دیا اور وجہ بھی صرف سیاسی تھی۔
79 سالہ پرانے، بلکہ ناکام اور فرسودہ، سسٹم کو لے کر کیا نئے صوبوں کو کامیاب بنانا ممکن ہے؟ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بات صرف یہ نہیں کہ موجودہ کار سرکار کا نظام نوآبادیاتی دور کا ہے، بلکہ پاکستان میں اسے مزید دوام بخشنے میں بعد میں آنے والی حکومتوں کے کردار سے بھی صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔
نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کے کئی فائدے ہو سکتے ہیں۔ نئے صوبے انتظامی رسائی، مقامی نمائندگی اور خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ مگر یہ فوائد عوام تک کما حقہ صرف اس وقت پہنچ سکتے ہیں جب ’’ڈیلیور‘‘ کرنے والا ’’مؤثر‘‘ نظام موجود ہو، کار سرکار کی مشینری اپ ڈیٹڈ ہو اور عوام کا اس نظام اور کار سرکار پر، اگر 100 فیصد نہ سہی، تو کم از کم 50 فیصد اعتماد ہو۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ عوام کو چھوڑیں، موجودہ ’’کار سرکار‘‘ کے سسٹم پر خود اعلیٰ حکومتی اداروں کا اعتماد نہیں۔
موجودہ ’’کارسرکار‘‘ کی مشینری یا دفتری نظام انتہائی سست، آؤٹ ڈیٹڈ اور مایوس کن ہے، اور یہ نئے مجوزہ ’’صوبوں‘‘ کی ترقی کی راہ میں بھی روڑے اٹکائے گا، کیونکہ اس سسٹم میں عوامی مفاد کے کاموں میں غیر ضروری تاخیر کی جاتی ہے اور مالی معاملات اور خدمات کی فراہمی کو ’’پروسیجرز‘‘ اور ’’رولز‘‘ کی بھول بھلیوں میں پھنسائے رکھنے میں عافیت سمجھی جاتی ہے۔ اس سے نہ صرف حکومتی وقت اور وسائل ضائع ہوتے ہیں یا ان پر بوجھ بڑھ جاتا ہے، بلکہ عوام کو شدید مایوسی اور تکلیف کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی ترقیاتی منصوبہ دو سال کے اندر 10 کروڑ روپے میں مکمل ہونا ہو، تو وہ مزید پانچ سال لیتا ہے اور اس پر اضافی 20 کروڑ روپے خرچ آتے ہیں۔ اسی طرح، اگر کسی ادارے میں 10 ملازمین کی ضرورت ہو، تو موجودہ نظام اس ادارے میں 20ملازمین رکھ کر سرکاری خزانے پر بوجھ ڈالنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچاتا۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جہاں سرکاری افسر پانچ کروڑ روپے کی گاڑی میں بیٹھ کر پانچ ہزار روپے کی ریڑھی پر سبزی کا نرخ چیک کرنے آتا ہے، اور جہاں ایک افسر پانچ مسلح سکیورٹی گارڈز کے ساتھ میٹرک کے امتحانی ہال کا معائنہ کرنے آتا ہے۔ یہی تو اس سسٹم کی ناکامی کی تصویر ہے۔ سسٹم کو خود اپنے کل پرزوں پر اعتبار نہیں تو عوام کیسے اعتبار کریں؟
اب وقت ہے کہ تمام سیاسی قوتیں اور مقتدرہ مل بیٹھ کر صوبوں کی تشکیل پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی سنجیدگی سے غور کریں کہ پہلے نظام کو کیسے اپ ڈیٹ کیا جائے اور جدید طرز حکمرانی (گورننس) کی طرف کیسے قدم بڑھایا جائے۔ سسٹم کو آسان، تیز رفتار، جدید، جواب دہ اور شفاف بنایا جائے اور سرکاری اداروں کو عوام کے خادم کے طور پر پیش کیا جائے، نہ کہ حکمرانی کرنے والے طبقے کے طور پر۔
ایک نیا، اپ ڈیٹڈ نظام، جو شفافیت، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور استعمال، اداروں کی بہتر کارکردگی، سماجی خدمات کی فراہمی اور جواب دہی پر مبنی ہو، دور رس فوائد کا حامل ہوگا۔ اس سے عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا اور انتظامی اکائیاں بھی ترقی کریں گی۔
