چترال،نتاشا لاکھانی اور مہناز الملک کے طرف سے متاثرین زلزلہ میں امدادی اشیاء تقسیم

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے جہاں مختلف ادارے شب و روز کام کر رہے ہیں ۔ وہاں ایسے شخصیات بھی موجود ہیں ۔ جو نہ صرف مصیبت زدہ لوگوں کیلئے اپنی طرف سے بڑی مقدار میں نقد امداد اور عطیات فراہم کرتے ہیں بلکہ دوسرے لوگوں سے بھی امدادی اشیا ء جمع کرکے بنفس نفیس متاثرین کی گھر کی دہلیز پر پہنچا کر اپنی محبت ،ہمدردی اور انسان دوستی کا اظہار کرتے ہیں ۔ ایسے ہی لوگوں میں دو خواتین نتاشالاکھانی اور مہنازالملک کا نام چترال میں سرفہرست ہے ۔ جنہوں نے زلزلے کے بعد سے اپنا سکھ چین چترال کے متاثرین کیلئے وقف کردیا ۔نتاشا لاکھانی کو چترال کے لوگوں سے بے پناہ پیار ہے ۔اور سیلاب و زلزلے کی مصیبت نے اُن کو چترال کے لوگوں کے اور بھی قریب کردیا ہے ۔ جبکہ مہنازلملک چترال کی اپنی بیٹی شہزادہ سراج الملک کی صاحبزادی ہیں ۔ گذشتہ روز دوبئی سے دونوں خواتین بڑی مقداد میں امدادی سامان لے کر چترال پہنچیں ۔ اور چترال میں انتہائی محنت شاقہ سے ہر متاثرہ خاندان کیلئے پیکیج خود تیار کیں ۔ اور اپر چترال کے زلزلہ سے متاثرہ مقامات چرون اویر ، گشٹ ، بریپ ، موڑکہو اور سارغوز کے مقامات پر جا کر متاثرین میں تقسیم کیں ۔ جن میں آٹا ، گیس سلنڈر ،سولر لائٹس ، کمبل ،ترپال ، فوم اور مردوں ،خواتین اور بچوں کے گرم ملبوسات کے فیملی پیک شامل تھیں ۔ جبکہ ستر بہت متاثرہ فیملی کیلئے فی گھرانہ دس ہزار روپے کی نقد امدادبھی دی گئی ۔ چرون اویر میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر نتاشا لاکھانی متاثرین کی مشکلات دیکھ کر فرط غم میں خود پر قابو نہ رکھ سکیں ۔ اور بے اختیار رو پڑیں ۔اور متاثرہ بچوں کو گود میں بیٹھا کر اُنہیں پیار کرتی رہیں ۔ امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر شہزادہ سراج الملک اور شہزادہ سکندرالملک بھی موجود تھے ۔ اورا مدادی اشیاء کی تقسیم اُن کی معاونت سے ممکن ہو ا ۔ اس موقع پر نتاشا لاکھانی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا ۔ کہ چترال کے لوگوں پر مصیبتوں کے پے درپے پہاڑ ٹوٹے ہیں ۔ پہلے سیلاب اور اب زلزلے نے مصیبت میں رہی کسر پوری کردی ہے ۔ اس لئے یہ مصیبت زدہ لوگ اکیلے اس مشکل سے نکلنے کے قابل نہیں ہیں ۔ ان متاثرین کو بہت بڑی سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ تاکہ یہ دوبارہ اپنی معمول کی زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں ۔ نتاشا نے چرون اویر میں گاؤں کی بزرگ خواتین سے ملاقات کی ۔ اور زلزلے کی وجہ سے اُن پر بیتنے والے حالات کے تذکرے پر انتہائی افسر دہ ہوئیں ۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کو تسلی دی ۔ کہ اُن کی مدد کی حتی الوسع کوشش کی جائے گی ۔ ماڈل گھر متعارف کئے جائیں گے ۔ تاکہ زلزلہ متاثرین آیندہ خدانخواستہ زلزلے کی صورت میں مزید نقصانات کا شکار نہ ہوں ۔ انہوں نے گشٹ لاسپور کے متاثرین سیلاب کی حالت زار پر بہت صدمے کا اظہار کیا ۔ جس میں تیرہ گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں ۔ اور اب بھی وہ خاندان نقط انجمادمیں خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ متاثرین نے اس موقع پر نتاشا لاکھانی ،مہنازالملک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔ کہ اتنی دور اور دشوار گزار راستوں کی مسافت طے کرکے وہ اُن کی حالت زار پر رحم کھا کر اُن تک پہنچے ۔ اور اُن کی مدد اور حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے اُن کی درازی عمر کیلئے دُعائیں دیں ۔ متاثرین نے شہزادہ سکندر الملک ،شہزادہ سراج الملک ، سجاد احمد اور اُن تمام افراد کی تعریف کی ۔ جن کی کوششوں سے امدادی سامان اُن تک پہنچنے ممکن ہوئے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔