جوشی فیسٹول اپنی ثقافتی رنگینیوں کے ساتھ آخری رسومات کی آدائیگی کے مراحل میں داخل

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) جوشی فیسٹول اپنی ثقافتی رنگینیوں کے ساتھ آخری رسومات کی آدائیگی کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے ۔ جس سے لطف اندوز ہونے کیلئے ملکی اور بیرونی سیاحوں کی بڑی تعداد وادیوں میں پہنچ چکے ہیں ۔ وادیوں کو ملانے والا واحد دوباژ پُل جو گذشتہ روز اپنی بحالی کے ایک گھنٹہ بعد دوبارہ منقطع ہو گیا تھا ۔ پھر سے عارضی طور پر بحال کردیا گیا ہے ۔ ایکسین سی اینڈ ڈبلیو مقبول اعظم نے دوباژ کے مقام پر پُل کی مرمت کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ، کہ پُل بحال کردیا گیا ہے ۔ اور ایمرجنسی بنیاد پر فیسٹول کے دوران اسے بحال رکھنے کی ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔ تاہم نالے کے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ باہر سے ذاتی گاڑیوں میں آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد نے کالاش ویلیز کے خراب اور پُر خطر روڈ کی بنا پر اپنی گاڑیاں ایون پولوگراؤنڈ میں پارک کردی ہے اور مقامی ٹیکسی گاڑیوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ سیاحوں کی جوق درجوق آمد سے ٹیکسی ڈرائیوروں کی چاندی ہوئی ہے ۔ اور ٹیکسی ڈؑ رائیور ایک لمحہ بھی ضائع کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ اس کے باوجود کئی سیاح ٹیکسی نہ ملنے کے سبب اپنے سامان اُٹھائے ویلیز کی طرف جاتے دیکھے جارہے ہیں یا ایسی گاڑیوں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں ۔ جو عام طور پربار برداری کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ لوگ بس کسی بھی طریقے سے خود کو فیسٹول کے مقام پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ویلز کے تمام ہو ٹل بُک ہو چکے ہیں ، اور تل دھرنے کو جگہ نہیں ، جبکہ فیسٹول کے مزید تین دن باقی ہیں ۔ فیسٹول کے فائنل والے دن بہت زیادہ سیاحوں کی آمد متوقع ہے ۔ دوسری طرف فیسٹول کی متبرک جگہ چھارسو ( ڈانسنگ پلیس) کا کام جمعہ کے روز کالاش لڑکیوں نے انجام دی ۔ اسی طرح ڈانسنگ پلیس میں جگہ کی کمی کے باعث قریبی زمین کو بھی سیاحوں کی نشست اور وی آئی پیز کیلئے سٹیج تیار کرنے کیلئے عارضی طور پر حاصل کی گئی ہے ۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مہمانوں کو ٹھہرانے کیلئے گریک والنٹئیر اتھاناسیاس کی تعمیر کردہ کلاشہ دور میں بھی قیام کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اور آرائش و تزین کا سلسلہ جاری ہے ۔ جسے بطور گیسٹ ہاؤس اور ہوٹل ا نتظامیہ کے مہمان استعمال کریں گے ۔ فیسٹول میں آنے والے سیاحوں کی خریداری کیلئے بھی مختلف سٹالز کی تیاریاں جاری ہیں ۔ جس میں جیمز اینڈ جیولری کے علاوہ خام مال اور ہنڈی کرافٹ کے سٹالز شامل ہیں ۔ کلاش ووکیشنل سنٹر کی خواتین نے بھی بیش قیمت رنگوں سے بھر پور کالاش لباس کی نمائش کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ اسی طرح سیاحوں کیلئے فیسٹول کے ساتھ ساتھ ان مختلف سٹالوں میں خریداری اور مقامی ثقافت سے معلق آگہی کے مواقع ملیں گے ۔ درین اثنا جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ نے فیسٹول کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے دوباژ پُل کی وزٹ کی اور کہا ۔ کہ فیسٹول کے دوران آمدورفت کی کوئی تکلیف سیاحوں کو نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کلاشہ دور اور بتریک ڈانسنگ پلیس بھی دیکھا ۔ فیسٹول میں کئی وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کی آمد متوقع ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔