نرسز ہاسٹل کی مرمت کاکام مکمل ہونے پر پرائیویٹ رومز ایک مہینے کے اندر خالی کرائے جائیں گے۔ایم ایس ڈاکٹر فیض الملک

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ساؤتھ ایشیاء پاک پارٹنر شپ کے ڈسٹرکٹ آواز فورم کے ذمہ داران نے ڈسٹرکٹ پروگرام افیسر روبینہ اورفورم کے ممبران رحمت الٰہی، نیاز علی شاہ، سیف الرحمن عزیز،سید نذیر حسین شاہ، نا بیگ ایڈوکیٹ اور دوسروں کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیض الملک جیلانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے ان سے ہسپتال سے متعلق پبلک کو براہ راست متاثر کرنے والی مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ آواز فورم کے ارکان نے ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں پرائیویٹ رومز پر نرسز کے قبضہ جمانے اور مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو درپیش مشکلات کی طرف توجہ دلانے پر ایم۔ ایس نے کہاکہ ایس آر ایس پی کی طرف سے نرسز ہاسٹل کی مرمت کاکام مکمل ہونے پر پرائیویٹ رومز ایک مہینے کے اندر خالی کرائے جائیں گے۔ اسی طرح بجلی اور پانی کی قلت کی طرف ان کی توجہ دلائی گئی تو ایم ۔ا یس نے ہسپتال کے جنریٹر کو چلانے کے لئے فیول کی مد میں فنڈز کی کمی کا ذکر کیا جبکہ پانی کا مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہسپتال کے لئے الگ واٹر ٹینک کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ۔ ہسپتال میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانہ لگانے کے لئے حال ہی میں نصب شدہ انسنریٹر مشین کو چالو نہ کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر جیلانی نے کہاکہ اس مشین کی فنی خرابی اب بھی موجود ہے جس کی وجہ سے اس میں جس مقدار میں فیول استعمال ہوتی ہے وہ ناقابل برداشت ہے ۔ ہسپتال میں گردوں کی صفائی کے لئے ڈائلاسز مشین کو چالونہ کرنے کے حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ اس مشین کو چالو کرنے کے لئے نیفرالوجسٹ کی دستیابی جب تک نہیں ہوتی، اس مشین کو نہیں چلایا جاسکتا ۔ نرسز و دیگر سٹاف کے رہائش کے حوالے سے ایم ایس کا کہنا تھا کہ سنگور کالونی کو خالی کروانے کیلئے ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کی ہے جس کے بعد یہ مسئلہ بھی کسی حد تک حل ہو جائیگا۔ فورم کے ممبرا ن نے ہسپتال کے بعض مسائل متعلقہ حکام سے مل کر حل کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔