ٹی ایم اے کی طرف سے اتالیق بازار میں اتالیق ٹرانسپورٹ اڈہ کا افتتاح

چترال ( محکم الدین) ملکی نظام کی خرابی نے عوامی نمایندگان اور سرکاری آفیسران کو ایک مہیب شکل دے کر حکمران بنا دیا ہے ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے ،کہ کُرسیوں پر بیٹھے ہوئے یہ لوگ وام کی خدمت کیلئے ہیں ۔ اور اسی مقصد کیلئے اُنہیں یہ مقام ملا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے ٹی ایم اے کی طرف سے اتالیق اڈہ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں تحصیل نائب ناظم خان حیات اللہ ،تحصیل کونسل کے ممبران ،ونگ کمانڈر ( ر) فرداد علی شاہ ، صدر تجار یونین حبیب حسین مغل ،علماء ، علاقائی عمائدین اور ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور برادری کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ، کہ ہم عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ان عہدوں پر آئے ہیں ۔ اور عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ۔ موجودہ اڈے کا قیام بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مجھے امید ہے کہ اس اڈے کے قیام سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی ۔ انہوں اڈے کی جائداد کے مالک ونگ کمانڈر ( ر) فرداد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ اڈے کے قیام میں انہوں نے بھر پور تعاون کیا ۔ تحصیل ناظم نے کہا ۔ کہ اڈے میں خواتین کیلئے انتظار گاہ ، ڈرائیوروں کیلئے بیٹھنے کی جگہ اور واش رومز ایک مہینے کے اندر تعمیر کئے جائیں گے ۔ اور اس میں مسافروں کی مشکلات کا بھر پور خیال رکھا جائے گا ۔ تحصیل نائب ناظم خان حیات اللہ خان اور چیرمین ٹیکسیشن کمیٹی عبد الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا ، کہ اس اڈے سے لوکل ائریاز اور ضلع سے باہر بھی گاڑیاں چلیں گی ۔ اور ہم بتدریج اُن کو یہاں لائیں گے ۔ یہ ایک ماڈل اڈہ ہوگا ۔ کیونکہ اڈے چترال میں اور بھی موجود ہیں ۔ اور اس کا قیام عوام کو ایک منفرد اڈہ فراہم کرنا ہے ۔ اور وہ تب ہی ہو سکتا ہے ۔ جب یہاں تمام تر سہولیات جو ایگریمنٹ میں موجود ہیں ،عوام کو دیے جائیں ، ونگ کمانڈ ( ر) فرداد علی شاہ نے کہا ۔ کہ حکمران و نمایندگان مخلص ہوں تو عوامی مسائل پر توجہ دیتے ہیں ، یہ اڈہ صوبے کسی بھی اڈے سے رقبے کے لحاظ سے کم نہیں ہے ۔ تاہم اس کیلئے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ عوام عرصے سے اس اڈے کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ جو کہ آج شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وہ اعلی معیار کے واش رومز اور دیگر انتظامات کریں گے ۔ صدر تجار یونین حبیب حسین مغل نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ انہوں نے خواتین کو گاڑیوں کے انتظار میں شہر کے مختلف مقامات پر انتہائی تکلیف میں دیکھ کر ڈپٹی کمشنر چترال سے اُن کے بیٹھنے کیلئے انتظام کرنے کی د رخواست کی ۔ لیکن شنوائی نہیں ہوئی ۔ جبکہ بازار ائریے میں بھی واش رومز کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے بزرگ شہری اور سابق ممبر جندولہ خان اور ڈرائیور برادری کی طرف سے محی الدین نے خطاب کیا ۔ انہوں نے اڈے کے قیام تحصیل ناظم چترال تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ونگ کمانڈر ( ر ) فرداد علی شاہ دونوں کا شکریہ ادا کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔