آواز اقبال

ہنزہ کا عالمی برانڈ، شاہ کریم آغا خان چہارم اور اے-کے-ڈی-این کے وژن کا ثمر ہے

ہنزہ کا عالمی برانڈ، شاہ کریم آغا خان چہارم اور اے-کے-ڈی-این کے وژن کا ثمر ہے

ہنزہ آج دنیا بھر میں ایک روشن مثال کے طور پر پہچانا جاتا ہے، ایک ایسی وادی جو قدرتی حسن، صحت مند معاشرہ، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں اور عالمی معیار کی ترقی کی علامت ہے۔ مگر اس روشن تصویر کے پیچھے ایک حقیقت پوشیدہ ہے جو اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہے: یہ کامیابی کسی سرکاری حکمت عملی یا وقتی منصوبے کا نتیجہ نہیں، بلکہ ایک مستقل، وژنری اور انسانی ترقی پر مبنی اقدامات کا نتیجہ ہے جسے شاہ کریم آغا خان چہارم اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک نے عملی جامہ پہنایا۔
انیس سو ساٹھ 1960 سے قبل ہنزہ انتہائی پسماندگی اور شدید غربت کا شکار تھا۔ سڑکیں نہ ہونے کے برابر تھیں، مواصلاتی نظام محدود تھا، بجلی اور صاف پانی کی سہولیات تقریباً موجود نہیں تھیں۔ تعلیم کی شرح انتہائی کم تھی، خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم نہ ہونے کے برابر تھی۔ صحت کے بنیادی مراکز نہ ہونے کے برابر تھے، اور مائیں اور بچے بیماریوں کی وجہ سے اپنی جانیں کھو دیتے تھے۔ لوگ بنیادی ضروریات زندگی کے لیے بیرونِ وادی جانے پر مجبور تھے اور معاشرتی ڈھانچہ اتنا کمزور تھا کہ روزمرہ کی مشکلات بقا کا سوال بن چکی تھیں۔ یہی وہ حال تھا جب شاہ کریم آغا خان چہارم نے پہلی بار 1960ء میں ہنزہ کا دورہ کیا۔
اس دورے نے محض ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ ایک وژنری اقدام کی ابتدا کی۔ اے-کے-ڈی-این نے تعلیم، صحت، معاشی خود کفالت، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ میں ایسے مربوط پروگرام نافذ کیے جنہوں نے ہنزہ کو پسماندگی سے نکال کر عالمی معیار کے ایک ترقیاتی ماڈل میں تبدیل کر دیا۔ تعلیم میں ان کی کوششوں کے نتیجے میں ہنزہ کی خواندگی کی شرح تقریباً 94 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ پاکستان کے قومی اوسط تقریباً 60 فیصد ہے۔ خواتین کی تعلیم میں نمایاں اضافہ ہوا، اور ناخواندہ والدین نے اپنے بچوں کو آکسفورڈ، کیمبرج اور دیگر عالمی سطح کی یونیورسٹیوں تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔
صحت کے شعبے میں AKDN کے اقدامات نے زندگی کے معیار کو بہتر بنایا۔ جدید ہیلتھ سنٹرز، تربیت یافتہ طبی عملہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی نے ماں اور بچے کی شرح اموات میں نمایاں کمی کی۔ اسی طرح معاشی شعبے میں مقامی صنعتوں، زرعی اصلاحات، چھوٹے کاروباروں اور روزگار کے مواقع نے مقامی معیشت کو مضبوط بنیاد دی۔
یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہنزہ کے لوگ نہ صرف اپنی وادی میں بلکہ دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ ہنزائی نوجوان ٹاپ MNCs، اقوام متحدہ، عالمی مالیاتی اداروں اور اعلیٰ بیوروکریسی میں کلیدی عہدے سنبھال رہے ہیں۔ یہ فرداً فرداً کامیابیاں AKDN کی فراہم کردہ مواقع اور تربیت کا نتیجہ ہیں، نہ کہ حکومتی اقدامات کی براہِ راست پیداوار۔
تاہم، یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتا کہ ہنزہ میں بنیادی سہولیات کے کئی شعبے ابھی بھی بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ بجلی، پانی، سینیٹیشن اور شہری خدمات میں عدم تسلسل اور محدودیت موجود ہے۔ بدقسمتی سے گلگت بلتستان حکومت ان بنیادی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے، جس کی وجہ سے یکم جنوری 2026ء سے پاور ڈیپارٹمنٹ کا انتظام N-Pak کے حوالے کیا گیا ہے۔
اس کے باوجود، ہنزہ کے لوگ پورے گلگت بلتستان کے لیے رول ماڈل ہیں۔ کمیونٹی ڈسپلن، تعلیم کو اولین ترجیح، خواتین کی شمولیت، سماجی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری نے وہ معیار قائم کیا ہے جو دیگر اضلاع کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہنزہ کی ترقی، خواہ وہ تعلیم ہو، صحت ہو یا معیشت، ایک ایسا ماڈل ہے جو عالمی سطح پر قابلِ تقلید ہے۔
ہنزہ کا عالمی برانڈ اتفاقیہ نہیں، بلکہ شاہ کریم آغا خان چہارم اور اے-کے-ڈی-این کے وژن، انسانی خدمت اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے جو ہمیں فخر دیتی ہے اور مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے کہ اگر وژن، محنت اور نظم موجود ہو تو ایک پسماندہ وادی بھی دنیا کے نقشے پر ترقی اور انسانی کامیابی کا روشن نشان بن سکتی ہے۔
کالم نگار اقبال عیسیٰ خان, اسٹریٹیجسٹ، بزنس کنسلٹنٹ اور ایڈوائزر ہیں، انہوں نے یونی لیور پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ، ہلال فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ، نوول اپس پرائیویٹ لمیٹڈ، سیٹس، کے- بی ـ ایس ولڈ، ڈی این جی، سمیت کئی اور نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں میں کلیدی ذمہ داریاں نبھائیں ہیں۔ وہ ڈیولپ این گرو انٹرنیشنل اور ٹوورسٹی کے بانی ہیں، اور گلگت بلتستان سمیت قومی سطح پر مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس وقت شناکی ملٹی پرپز کوآپریٹو سوسائٹی کے صدر اور ہنزہ گلگت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

IqbalEssaKhan@Yahoo.Com

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO