
لوئر چترال پولیس کی عوامی رابطہ مہم، کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے میٹنگز کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس نے عوام دوست پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں پبلک لیزان کمیٹی (PLC) ممبران کے ساتھ اجلاسوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
یہ اقدامات ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام میں جرائم کے خلاف آگاہی پیدا کرنا اور جرائم کی روک تھام میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔
اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر ایس ڈی پی او سرکل دروش رحمان یوسف نے تھانہ دروش میں
پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں ایس ایچ او تھانہ دروش سب انسپکٹر ابرار احمد اور دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او رحمان یوسف نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے سے نہ صرف باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ جرائم کی شرح میں بھی واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
منشیات کے خلاف جاری مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او لوئر چترال کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروش عناصر کی نشاندہی کر کے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ مشکوک افراد اور غیر مقامی اشخاص کی موجودگی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
اجلاس کے اختتام پر پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران نے منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
