جہاںِ خیال

شیر آغا صاحب: ایک روشن کردار، ایک بے لوث سفر

تحریر: عتیق الرحمن

زندگی کے سفر میں بعض لوگ محض اپنی ذات تک محدود نہیں رہتے، بلکہ اپنے کردار، علم، اخلاص اور خدمت سے پورے معاشرے پر اپنے نقوش چھوڑ جاتے ہیں۔ محترم شیر آغا صاحب بھی ایسی ہی نفیس، باوقار اور صاحبِ کردار شخصیت ہیں۔ چمرکن، لوئر چترال کے ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھنے والے شیر آغا صاحب نے اپنی عملی زندگی میں ذمہ داری، دیانت اور خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

بینک مینیجر کی حیثیت سے طویل عرصہ پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے بعد بھی ان کے اندر خدمت کا جذبہ کبھی ماند نہیں پڑا۔ وہ یونین کونسل کے ناظم رہے اور اس منصب کو اختیار نہیں بلکہ امانت سمجھ کر نبھایا۔ ان کی شخصیت میں شائستگیِ گفتار، پاکیزگیِ کردار، سچائی، محبت اور خلوص ایک خوبصورت انداز میں یکجا دکھائی دیتے ہیں۔

مجھے شیر آغا صاحب کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، اس لیے ان کی صلاحیتوں اور شخصیت کو قریب سے دیکھنے کا شرف حاصل ہے۔ ان کی اردو اور انگریزی تحریر میں جو روانی، وسعتِ مطالعہ اور حسنِ اظہار ہے، وہ واقعی اپنی مثال آپ ہے۔

ان کی ایک کاوش آج بھی میرے لیے باعثِ حیرت و تحسین ہے۔ چترال ٹاؤن کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری انہوں نے کسی ذاتی مفاد یا نمود و نمائش کے لیے نہیں، بلکہ اپنے شہر کے بہتر، منظم اور روشن مستقبل کے جذبے سے کی۔ جس شوق اور اخلاص سے انہوں نے یہ کام کیا، اسے دیکھ کر مجھے محسوس ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔

چونکہ شہری منصوبہ بندی اور ترقی میرا بھی پیشہ ورانہ میدان رہا ہے، باقاعدہ تربیت حاصل کی اور کئی دہائیوں تک اسی شعبے سے وابستہ رہا، اس لیے میں اس کاوش کی قدر و قیمت کو بخوبی سمجھ سکتا ہوں۔ ہم شیر آغا صاحب کی اس بصیرت، محنت اور خدمت کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔

وہ ایک بے لوث والنٹیئر ہیں؛ نہ مال کی طلب، نہ شہرت کی جستجو اور نہ کسی صلے کی تمنا۔ انہوں نے اپنا وقت، تجربہ اور صلاحیتیں چترال ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کیں اور متعدد اہم منصوبوں کو کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

ایسی شخصیات دراصل کسی شہر کی خاموش خوش بختی ہوتی ہیں۔ ان کا ذکر صرف تعریف نہیں، آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال محفوظ کرنا ہے کہ انسان کی اصل پہچان اس کے عہدے سے نہیں، اس کے کردار اور اس کی خدمت سے بنتی ہے۔

اللہ تعالیٰ محترم شیر آغا صاحب کو صحت، عافیت، عزت اور خوشیوں بھری طویل زندگی عطا فرمائے۔ ان کی محبت، شفقت اور خلوص کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رکھے اور انہیں مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

زر الذهاب إلى الأعلى