
لوئر چترال: ڈی پی او محمد خالد خان کی زیرِ صدارت ہفتہ وار آرڈرلی روم کا انعقاد، بہترین کارکردگی پر پولیس افسران و اہلکاروں میں انعامات تقسیم
چترال (چترال ایکسپریس):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (پی ایس پی) کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں ہفتہ وار ‘آرڈرلی روم’ کا انعقاد کیا گیا۔
آرڈرلی روم کے دوران پولیس افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ، انتظامی اور فلاحی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال نے پولیس اہلکاروں کے درپیش مسائل اور درخواستوں کو فرداً فرداً سنا اور ان کے جائز مسائل کے فوری حل اور متعلقہ امور پر قانونی و انتظامی کارروائی کے لیے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
تقریب کے دوران گزشتہ ہفتے میں بہترین کارکردگی، فرض شناسی اور جرائم کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں میں
نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈی پی او محمد خالد خان نے کہا کہ جزا و سزا کے عمل سے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جس سے دیگر افسران اور جوانوں کو بھی اپنے فرائض مزید بہتر انداز میں سرانجام دینے کی ترغیب ملتی ہے۔
اپنے خطاب میں ڈی پی او لوئر چترال نے تمام افسران و جوانوں کو سخت نظم و ضبط قائم رکھنے، دیانت داری سے فرائض سرانجام دینے اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ عوام کو معیاری اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
