
پشاور میں NRPU ایوارڈ تقریب، یونیورسٹی آف چترال کے ڈاکٹر ندیم حسن بھی کامیاب قرار
پشاور (چترال ایکسپریس) ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام نیشنل ریسرچ پروگرام برائے یونیورسٹیز (NRPU) ایوارڈ کی ایک پروقار تقریب پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کے ممتاز محققین کو تحقیق اور اختراع کے میدان میں نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں یونیورسٹی آف چترال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ندیم حسن بھی NRPU ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے، جنہوں نے اپنی تحقیقی کاوشوں کے باعث یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
ڈاکٹر ندیم حسن نے تقریب میں یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حذیر اللہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے انہیں اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ڈاکٹر ندیم حسن بلکہ پوری یونیورسٹی کے لیے فخر کا باعث ہے۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخواہ، مینا خان آفریدی تھیں، جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے تحقیقی نظام کو مضبوط بنانے میں NRPU پروگرام کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور محققین کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب میں مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، محققین اور تعلیمی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے اس اقدام کو ملک میں تحقیق کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
