تازہ ترین

دارالعلوم اسلامیہ شاہی مسجد چترال میں حفاظِ کرام کی دستار بندی، پروقار تقریب کا انعقاد

چترال (چترال ایکسپریس) دارالعلوم اسلامیہ شاہی مسجد چترال میں حفظِ قرآن کریم مکمل کرنے والے حفاظِ کرام کی دستار بندی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت استاذ القراء مولانا عبدالرحمن قریشی نے کی، جبکہ دارالعلوم کے صدر مدرس مولانا خلیق الزمان، سابق رکن اسمبلی مولانا عبدالرحمن اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے شیخ الحدیث مولانا فیاض الدین نے خصوصی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فیاض الدین نے سورۂ طٰہٰ کی آیات کی روشنی میں قرآن کریم سے دوری کے نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے حفاظِ کرام کو حفظِ قرآن کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم حفظ کرنا عظیم سعادت ہے، تاہم اس سعادت کی حقیقی برکت قرآن پر عمل اور اس کے حلال و حرام کے احکامات کی پابندی سے حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علماء کے نزدیک قرآن کریم کے ساتھ تعلق کے چار درجات ہیں، جن میں قرآن پڑھنا، اس کا مفہوم سمجھنا، اس پر عمل کرنا اور قرآن کی تعلیمات کو دستورِ حیات بنانے کی جدوجہد شامل ہے۔
مولانا فیاض الدین نے شیخ الہند مولانا حسین احمد مدنیؒ کے ارشادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی زبوں حالی کی بڑی وجوہات میں قرآن کریم سے بے اعتنائی اور باہمی انتشار و فرقہ واریت شامل ہیں۔ انہوں نے شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی قرآن فہمی اور ترجمہ قرآن کی خدمات اور شیخ الہند کی قرآن فہمی کی تحریک کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اہم رہنمائی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم، بالخصوص طب، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں بھی مہارت حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ دنیا میں اسلامی تہذیب و معاشرے کی بہتر خدمت کرسکیں۔
اس موقع پر مقررین نے حفاظِ کرام اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قرآن کریم کو سمجھنے اور اس کی تعلیمات پر عملی زندگی میں کاربند ہونے پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر حفاظِ کرام کی دستار بندی کی گئی اور ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔