
گورنمنٹ پرائمری سکول آیون میں سپورٹس ویک کا آغاز، ایس ڈی ای او تاج محمد نے افتتاح کر دیا
چترال (محکم الدین) محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں شریک کرنے اور ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے فروغ کے لیے ہر سال کی طرح امسال بھی چترال میں سپورٹس ویک کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز گورنمنٹ پرائمری سکول آیون میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ایس ڈی ای او چترال سرکل تاج محمد تھے۔
تقریب میں مختلف سرکاری پرائمری سکولوں کے اساتذہ، طلبہ اور علاقائی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے فیتہ کاٹ کر سپورٹس ویک کا باقاعدہ افتتاح
کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تاج محمد نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بچوں کی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہیں۔ کھیلوں سے بچوں کی جسمانی صحت بہتر ہونے کے ساتھ ذہنی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے حصول کے لیے والدین، اساتذہ اور طلبہ تینوں کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوں گی، کیونکہ ان تینوں کے باہمی تعاون کے بغیر مطلوبہ تعلیمی نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے سرکاری سکولوں میں تجربہ کار اور کوالیفائیڈ اساتذہ، بہترین عمارتوں اور فرنیچر کی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بیشتر والدین کا سرکاری سکولوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون انتہائی محدود ہے، جس سے تعلیمی اہداف کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی بنیادی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں اور کھیلوں کو تعلیم پر فوقیت نہ دیں، بلکہ کھیلوں کے لیے مخصوص وقت نکال کر اپنی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔
تقریب کے دوران علاقائی عمائدین نے سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر ایس ڈی ای او تاج محمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول آیون، سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کی جانب سے آیون، درخناندہ اور ملحقہ دیہات کے لیے ایک گراں قدر تحفہ ہے، جس کے قیام پر ادارے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعود الملک خصوصی طور پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول اپنی خوبصورت تعمیراتی ڈیزائن اور وسیع کھیل کے میدان کی بدولت علاقے میں ایک مثالی پرائمری سکول کی حیثیت رکھتا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے روایتی رسہ کشی کے مقابلے کے ذریعے سپورٹس ویک کا عملی آغاز کیا، جس میں گورنمنٹ پرائمری سکول آیون صحن نے آٹانی آیون کے پرائمری سکول کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
