
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان کا پولیس لائن کا دورہ، سکیورٹی انتظامات اور سرکاری گاڑیوں کا معائنہ
چترال (چترال ایکسپریس) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان نے پولیس لائن لوئر چترال کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات سمیت مختلف انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمن، آر آئی پولیس لائن ایس آئی ابرار احمد اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈی پی او نے
پولیس لائن میں سکیورٹی کے مجموعی انتظامات، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس لائن میں قائم میس اور رجمنٹل شاپ کا بھی معائنہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
محمد خالد خان نے پولیس لائن میں موجود سرکاری گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا اور ان کی حالت، دیکھ بھال اور دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال نے ہدایت کی کہ پولیس لائن میں مؤثر سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے میس اور رجمنٹل شاپ میں صفائی اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت مرمت اور بہترین استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پولیس فورس کی استعدادِ کار اور پیشہ ورانہ امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
