تازہ ترین

چترال میں ماحولیاتی آگاہی کے لیے ’’پروجیکٹ ایکس‘‘ کا آغاز، 10 ہزار طلبہ تک رسائی کا ہدف مقرر

چترال (چترال ایکسپریس) ہندوکش انوائرنمنٹل پروٹیکشن الائنس نے ماحولیاتی تحفظ، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنے فلیگ شپ منصوبے ’’پروجیکٹ ایکس‘‘ کا باقاعدہ آغاز گورنمنٹ پرائمری سکول جغور سے کر دیا ہے، جس کے تحت چترال بھر کے کم از کم 10 ہزار طلبہ کو ماحولیاتی آگاہی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر سرور کمال نے کہا کہ پروجیکٹ ایکس اپنی نوعیت کا ایک منفرد کمیونٹی بیسڈ پروگرام ہے، جسے کسی سرکاری یا غیر سرکاری ادارے کی مالی معاونت کے بغیر شروع کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت چترال ٹاؤن سمیت دور افتادہ علاقوں کے تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کی جائے گی اور طلبہ کو ماحولیاتی مسائل کے ساتھ ان کے عملی حل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چترال قدرتی حسن، حیاتیاتی تنوع اور نایاب جنگلی حیات کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، تاہم جنگلات کی کٹائی اور قدرتی مسکن کی تباہی ماحول اور جنگلی حیات کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے۔ نوجوان نسل کو قدرتی وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ایندھن کے متبادل ذرائع اختیار کرکے قیمتی جنگلات کو محفوظ بنانا ہوگا۔

تقریب کے مہمان خصوصی محکمہ وائلڈ لائف کے ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر امتیاز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ چترال کا قدرتی ورثہ ایک عظیم نعمت ہے، جس کے تحفظ کے لیے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ ضروری ہے۔ انہوں نے دیودار کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ خشک معتدل موسمی خطے میں اس درخت کی نشوونما انتہائی سست ہوتی ہے اور اسے مکمل جسامت اختیار کرنے میں کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں، اس لیے اس قیمتی قدرتی سرمائے کا تحفظ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیات کے ساتھ سیاحت کے فروغ اور ملکی معیشت کی مضبوطی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ طلبہ کو اپنے اردگرد صفائی برقرار رکھنے، کچرا مناسب جگہوں پر ٹھکانے لگانے اور پرندوں سمیت دیگر جنگلی حیات کے تحفظ کا خیال رکھنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر سکول کے سینئر استاد نے بتایا کہ طلبہ کی مسلسل رہنمائی اور کونسلنگ کے نتیجے میں متعدد بچوں نے اپنی غلیلیں رضاکارانہ طور پر سکول انتظامیہ کے حوالے کی ہیں، جو پرندوں اور چھوٹے جنگلی جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے بچوں میں بڑھتے ہوئے شعور اور مثبت رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی امتیاز حسین نے ماحولیاتی آگاہی پروگرام میں تعاون پر گورنمنٹ پرائمری سکول جغور کی انتظامیہ کو تعریفی سند پیش کی، جبکہ ماحولیاتی موضوعات پر تقاریر کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

ہندوکش انوائرنمنٹل پروٹیکشن الائنس کے مطابق پروجیکٹ ایکس کا مقصد تعلیمی اداروں کو ماحولیاتی شعور کی ترویج کا مرکز بنانا اور نئی نسل کو قدرتی ماحول کے تحفظ کی عملی کوششوں میں شریک کرنا ہے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO