
لوئر چترال ڈیجیٹل سکولز پورٹل کا باضابطہ افتتاح، تعلیمی نظام جدید ڈیجیٹل دور میں داخل
چترال (چترال ایکسپریس):ضلع لوئر چترال کے تعلیمی و انتظامی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کے وژن اور خصوصی سرپرستی میں تیار کردہ “Lower Chitral Digital Schools – Unified District Education & Learning Management Portal” کا یکم
نومبر 2026ء کو باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
اس انقلابی منصوبے کا بنیادی مقصد ضلع کے تمام سرکاری سکولوں کے تعلیمی و انتظامی امور کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا اور تعلیمی معیار میں بہتری لانا ہے۔ اس جدید پلیٹ فارم کے تحت ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور والدین کے لیے چار علیحدہ پورٹلز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں متعلقہ سکولوں اور طلبہ کا اصل (Real-time) ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔
اس نظام کے ذریعے نہ صرف سکولوں کی مجموعی کارکردگی، طلبہ و اساتذہ کی حاضری، ہوم ورک، امتحانی نتائج اور تعلیمی پیش رفت کی آن لائن نگرانی ممکن ہو سکے گی، بلکہ اساتذہ کی تدریسی ذمہ داریوں، سکولوں کے انتظامی امور اور پی ٹی سی (PTC) فنڈز کے ریکارڈ کو بھی ڈیجیٹل طور پر مرتب اور مانیٹر کیا جا سکے گا۔ اس پورٹل کی بدولت والدین اپنے بچوں کی حاضری، تعلیمی پیش رفت اور امتحانی نتائج سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہ سکیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ نے کہا:
”جدید ٹیکنالوجی کا استعمال تعلیمی نظام میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر نگرانی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا، بروقت معلومات کی دستیابی یقینی بنانا اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کی مؤثر دیکھ بھال کرنا ہے تاکہ ہمارے بچے جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔”
تعلیمی ماہرین اور عوامی حلقوں نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم دفتری کاغذی کارروائی (Paperwork) میں کمی، بہتر فیصلہ سازی اور ضلع کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا باعث بنے گا۔
