
علامہ اقبال کا خواب پاکستان کو اسلامی اصولوں کے مطابق ایک فلاحی ریاست بنانا تھا، تحریک تحفظ پاکستان اس مشن کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے، بدیع الرحمن چترالی
چترال(چترال ایکسپریس)تحریک تحفظ پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات، ضلعی صدر چترال اور سابق امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 54 بدیع الرحمن چترالی
نے کہا ہے کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اسلامی ریاست کا جو خواب دیکھا تھا، وہ بظاہر ایک ناممکن تصور دکھائی دیتا تھا، تاہم ان کی فکری رہنمائی، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک جدوجہد اور مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
ایک بیان میں انہوں نے علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ اقبال کی فکر اور شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودی اور خودمختاری کا جذبہ بیدار کیا۔ ان کا پیغام ’’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے، خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے‘‘ آج بھی مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
بدیع الرحمن چترالی نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی مشترکہ خواہش تھی کہ انہیں ایک ایسی آزاد ریاست میسر ہو جہاں وہ اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرسکیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان وجود میں آیا، مگر افسوس کہ ہم بحیثیت قوم قیام پاکستان کے مقاصد، بانیان پاکستان کے خواب اور مسلمانوں کی قربانیوں کے ساتھ انصاف نہیں کرسکے۔ آج بھی ملک کو متعدد مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے حکمرانوں کو ہدایت عطا فرمائے تاکہ پاکستان میں اسلامی اصولوں کے مطابق قانون سازی اور نظام عدل قائم کیا جاسکے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی انتھک کوششوں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کو جوہری قوت حاصل ہوئی، ہماری دعا ہے کہ یہ طاقت ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے استعمال ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین راؤ اکبر خان اور مرکزی و ضلعی کابینہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے وژن اور مشن کو آگے بڑھانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ تحریک اس عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور اسلامی اصولوں پر مبنی فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔
بدیع الرحمن چترالی نے کہا کہ ہم مایوس نہیں ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے روشن مستقبل کے لیے پُرامید ہیں۔ نوجوان نسل کی آنکھوں میں امید کی چمک اور موجودہ نظام سے تبدیلی کی خواہش اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں مثبت تبدیلی کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ پاکستان مشعلِ راہ لے کر میدان میں نکلی ہے اور اس کا مقصد آنے والی نسلوں کو امید، شعور اور روشن مستقبل کا راستہ دکھانا ہے۔ ان شاء اللہ چیئرمین راؤ اکبر خان کی قیادت میں اس مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
