
لوئر چترال: کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ٹریفک پولیس کی سخت کارروائیاں، والدین سے تحریری ضمانتیں طلب
چترال (چترال ایکسپریس):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات اور احکامات کی روشنی میں لوئر چترال میں کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد بچوں کی جان و مال کا تحفظ اور شہر میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، انچارج ٹریفک وارڈن پولیس سب انسپکٹر جنگ باز خان کی سربراہی میں ٹریفک وارڈنز نے ضلع کے مختلف اہم مقامات پر اچانک کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں کے دوران شاہراہوں پر دندناتے ہوئے کم عمر موٹر سائیکل سواروں کو روکا گیا اور ان کی موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے پکڑے جانے والے بچوں کے والدین اور سرپرستوں کو خصوصی طور پر تھانے طلب کیا۔ والدین کو بچوں کی کم عمری میں ڈرائیونگ کے خطرناک نتائج سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد ان سے آئندہ اپنے نا بالغ بچوں کو موہر سائیکل ہرگز نہ دینے کی بابت سخت قانونی اور تحریری ضمانت نامے (مچلکے) حاصل کیے گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد والدین کو اس بات کا احساس دلانا ہے کہ بچوں کو کم عمری میں گاڑی یا موٹر سائیکل دینا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ان کی اپنی جانوں کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔:
لوئر چترال ٹریفک وارڈن پولیس نے تمام والدین اور سرپرستوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی قیمتی زندگیوں، مستقبل اور روڈ سیفٹی کے تحفظ کے لیے انہیں کم عمری میں موٹر سائیکل چلانے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔ پولیس کا عزم ہے کہ کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف یہ کارروائیاں بلا امتیاز اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ سڑکوں کو تمام شہریوں بالخصوص بچوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔
