تازہ ترین

شندور کی حد بندی کا مسئلہ دوبارہ اٹھانے سے بدامنی جنم لے سکتی ہے، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی، شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ 

چترال (چترال ایکسپریس) ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور معروف قانون دان شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور چترال کے درمیان شندور کے مقام پر حد بندی کا مسئلہ دوبارہ اٹھانے سے علاقے میں تشویش، بے چینی اور بدامنی جنم لے سکتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی RAW اپنے مبینہ مقامی کارندوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں غلط فہمیاں پیدا کرنے اور شندور کو متنازعہ بنانے کے لیے ایڈووکیسی کروا رہی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کے دوران شندور کے درے کی حد بندی کا معاملہ اٹھائے جانے کے بعد چترال سے گلگت تک تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے مطابق 1979ء کے بعد مختلف اوقات میں مخصوص عناصر کی جانب سے یہ مسئلہ اٹھا کر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شندور تاریخی طور پر 1240ء میں سومالک کے دور حکومت سے چترال کا حصہ چلا آ رہا ہے، جبکہ رئیس، خوش وقت اور کٹور خاندانوں کے ادوار حکومت میں بھی اس علاقے کی حد بندی برقرار رہی۔ 1975ء کے لینڈ کمیشن نے بھی سابقہ حد بندی کو برقرار رکھا اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں شندور چترال کا حصہ درج ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 1980ء میں شندور کے مقام پر فرنٹیئر کور کی جانب سے چترال اسکاؤٹس کی مستقل پوسٹ قائم کیے جانے کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی RAW نے شندور کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق لنگر کے مقام پر غذر اور لاسپور کے درمیان حد بندی موجود ہے، جبکہ لاسپور کے تقریباً 800 گھرانے اس علاقے میں آباد ہیں اور وہاں ان کے عبادت خانے بھی موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1980ء سے 2015ء کے دوران حد بندی کا معاملہ جوائنٹ وزارتی کمیشن میں اٹھانے، چیف کورٹ گلگت میں مقدمہ دائر کرنے اور ایک خفیہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے ذریعے نئی حد بندی کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم یہ کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ ان کے مطابق چیف کورٹ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پشاور نے خیبر پختونخوا کے مؤقف کا دفاع کیا تھا، جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر کسی بھی پیش رفت سے قبل متعلقہ سرکاری ریکارڈ طلب کرکے مکمل بریفنگ لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام پہلے سے موجود مسائل حل کرنا ہے، نہ کہ نئے تنازعات پیدا کرکے بدامنی اور انتشار کو دعوت دینا۔

انہوں نے واضح کیا کہ لنگر کے مقام پر اپر چترال اور غذر کے درمیان قائم حد بندی دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور باہمی تعلقات کی علامت ہے۔ اسے بار بار متنازعہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لاسپور کے عوام کسی بھی غیر منصفانہ اقدام کی شدید مزاحمت کریں گے اور مطالبہ کیا کہ اس حساس معاملے میں لاسپور اور غذر کے عوام کو اعتماد میں لے کر باہمی اتفاق رائے سے پیش رفت کی جائے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO