تازہ ترین

امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین کا ارندو و دمیل کا ایک روزہ دورہ، مختلف تقریبات میں شرکت

پاک افغان کشیدگی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی، مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی

​چترال (چترال ایکسپریس) امیر جماعت اسلامی چترال لوئر وجیہ الدین نے ارندو اور دمیل کا ایک روزہ دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے مختلف تنظیمی، دعوتی، عوامی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ دورے میں نائب امیر ضلع سلطان محمد، محمد عالم خان اور نوجوان رہنما امیر شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
​دورے کے آغاز پر دمیل میں ارکانِ جماعت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، کارکنان کی فعالیت اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں جامع مسجد ارندو میں منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے امیر ضلع وجیہ الدین اور نائب امیر ضلع سلطان محمد نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ کی روشنی میں معاشرے کی اصلاح پر زور دیا۔
​اس موقع پر امیر ضلع نے مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے درپیش مسائل سنے اور متعلقہ حکام کے ذریعے ان کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاک افغان سرحدی کشیدگی سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
​مزید برآں، وجیہ الدین نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ارندو کے سالانہ سپورٹس ویک کی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ معیاری تعلیم و تربیت ہی قوم کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔
​دورے کے دوران امیر جماعت اسلامی نے علاقے کی مجموعی صورتحال اور عوامی امور کے حوالے سے ونگ کمانڈر کرنل مدثر، انچارج آر ایچ سی ڈاکٹر ریحان اعجاز اور ایس ایچ او فضل کریم سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى